فلائٹس آپریشن دن بھر معطل رات گئے بحال:تعلیمی ادارے پھر بند،پنجاب میں شہری دفاع کی مشقیں شروع

فلائٹس آپریشن دن بھر معطل رات گئے بحال:تعلیمی ادارے پھر بند،پنجاب میں شہری دفاع کی مشقیں شروع

لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی ،کراچی(خبر نگار، اپنے رپورٹرسے ،خصوصی نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) جنگی صورتحال کے پیش نظر کراچی، لاہور اور سیالکوٹ ایئرپورٹس پرگزشتہ روز دن بھر فلائٹ آپریشن رہا جبکہ رات گئے بحال کردیاگیا۔

 پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کے نوٹم میں کہا گیا تھا کہ کراچی، لاہور اور سیالکوٹ ایئرپورٹس بند رہیں گے ، لہذا مسافروں سے درخواست ہے تازہ ترین صورتحال کیلئے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں تاہم رات گئے فلائٹ آپریشن بحال کردیا گیا،کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن رات 12بجے بحال کردیاگیاجبکہ لاہورکی فضائی حدود میں بند کئے گئے روٹس پر بھی فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا اوردونوں ایئرپورٹس سے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک فلائٹس روانہ ہوئیں ۔ائیر پورٹس اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام بڑے ائیرپورٹس فلائٹ آپریشن کے لئے دستیاب ہیں۔ سیالکوٹ ایئرپورٹ کا فضائی آپریشن بھی گزشتہ روز عارضی طور پرمعطل رہا ۔دریں اثنا پنجاب میں تعلیمی ادارے 2 روزکیلئے بند کردئیے گئے ۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا سکول کالجز یونیورسٹیوں سمیت تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے آج اورکل بند رکھے جائیں گے جبکہ اتوار کو ہفتہ وار تعطیل ہوگی اور پیر 12 مئی سے تدریسی عمل معمول کے مطابق شروع ہوگا۔ اسلام آباد میں بھی تعلیمی ادارے آج سے 2روز کیلئے جبکہ آزادکشمیر میں غیرمعینہ مدت کیلئے بند کر دئیے گئے ۔علاوہ ازیں برٹش کونسل پاکستان کے اعلامیے کے مطابق امیدواروں کی حفاظت کے پیش نظر تمام امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔مزید برآں کیمبرج کے او اور اے لیول کے جمعرات کو ہونے والے امتحانات منسوخ کردئیے گئے ،لاہور میں سکیورٹی حالات اور بھارتی ڈرون حملوں کے خدشے کے پیشِ نظر جمعرات کو دوپہر 2 بجے ہونے والے کیمبرج کے امتحانات منسوخ ہوگئے ۔تاہم کراچی، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں امتحانات معمول کے مطابق منعقد ہوئے ۔

لاہور(دنیانیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور او ردیگر شہروں میں پولیس، انتظامیہ اور دیگر اداروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب میں سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کی فرضی مشقیں شروع کرا دیں۔انہوں نے راولپنڈی ، لاہور سمیت دیگر مقامات پرڈرون حملوں کی شدید مذمت کی اور بھارتی ڈرون بروقت گرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔مریم نواز نے انتظامیہ، پولیس، ریسکیو سروسز اور پاک فضائیہ کے بروقت رسپانس کو سراہا ،وزیراعلیٰ نے ڈرون حملو ں میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اورپنجاب کے مختلف شہروں میں ڈرون حملوں کے دوران زخمی شہری او رافسروں کے بہترین علاج کی ہدایت کی۔

مریم نواز نے کہاکہ کمسن بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کو شہید کر کے بھارت نے ننگی جارحیت کا ارتکاب کیاہے ،بھارت کوبے گناہ شہریوں پر حملے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا،پوری قوم پاک فوج کے افسروں اور سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہے ،دنیا بھر میں بھارتی پائلٹ نااہلی اور ناکامی کا استعارہ بن چکے ہیں،بھارت کا غرور رافیل طیارے زمین پر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں،شہدا ء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا،بھارت نے آبی ذخائر پر حملہ کر کے عالمی قوانین کی واضح خلاف ورزی کی ہے ۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبہ بھر میں محکمہ سول ڈیفنس کو پوری طرح فعال کر تے ہوئے فرضی مشقوں کا آغاز کردیا گیا۔صوبہ بھر کے چھوٹے بڑے شہر وں میں شہری دفاع کی مشقیں کی جارہی ہیں،ضلعی انتظامیہ کو سول ڈیفنس ایکسرسائز کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے ،ریسکیو 1122 نے بھی مختلف شہروں میں موک ایکسرسائز کا آغاز کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں