4خصوصی پروازوں سے 1277عازمین حج سعودیہ روانہ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)حج پروازوں کا شیڈول پھر سے بحال، اسلام آباد اور لاہور سے پی آئی اے کی چار خصوصی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار 277 عازمین کو سعودی عرب روانہ کردیا گیا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق رہ جانے والے ایک ہزار 13 عازمین کو جلد خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب روانہ کردیا جائے گا، پی آئی اے کی مزید تین خصوصی پروازیں جلد لاہور، کراچی اور ملتان سے روانہ کی جائیں گی۔ وزارت مذہبی امور کا کہناہے کہ اب تک 19 ہزار 669 پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، عازمین حج پروازوں کی معلومات کیلئے متعلقہ حاجی کیمپوں سے رابطے میں رہیں ۔وزارت مذہبی امور کے مطابق فلائٹ آپریشن کی وقتاً فوقتاً بندش کے باعث مجموعی طور پر 10 حج پروازیں منسوخ ہوئیں، لاہور سے 3، اسلام آباد سے 2 جبکہ کراچی اور ملتان کی ایک، ایک حج پرواز منسوخ ہوئی، فلائٹس منسوخی کے باعث 2 ہزار 290 عازمین کا شیڈول متاثر ہوا۔