پاکستان نے کوئی جوہری بلیک میلنگ نہیں کی، رانا ثنا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بھارت جھوٹ بول رہا ہے، جھوٹ بولنا اسکا پرانا وطیرہ ہے، یہ وہ ہیں جو کراچی کی بندرگاہ کو بھی تباہ کرچکے تھے اور اسلام آباد تک پہنچ چکے تھے۔۔۔
ہمارے کئی شہروں پر بھی قبضہ کرلیا تھا،بلیک میلنگ نریندرمودی کا جھوٹا بیانیہ ہے ،پاکستان نے کوئی جوہری بلیک میلنگ نہیں کی۔دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہربخاری کے ساتھ میں انہوں نے کہامودی نے تقریر میں جو باتیں کیں وہ اپنے آپ کو تسلی دینے کیلئے کی ہیں،مودی نے جو بھی بات کی ہے اس کا کوئی وجود نہیں ،بات وہ ہوتی ہے جس کوپوری دنیا مانے ،ہم حملہ آور تو ہوئے ہی نہیں ہیں، انکے کسی علاقے کو نشانہ نہیں بنایا۔ مودی کی باتیں انکی ساکھ کو مزید خراب کررہی ہیں، بھارت نے جو کیا ہم نے اسکا موثر جواب دیا،اب بھی جارحیت پر منہ توڑ جواب دینگے ، سیز فائر کا مطالبہ ہمارا نہیں ،بھارت کا تھا،پاکستان امن پسند ملک ہے ،بھارت نے جنگ مسلط کی ۔ایک سوال پر انہو ں نے کہا مودی کی پالیسی کو دنیا نہیں مانے گی،پاکستان اسکا سخت جواب دے گا،پاکستان دوجوہری طاقتوں کی جنگ کو بے ہودگی قرار دے رہا ہے۔