جدید ٹیکنالوجی سے ٹیکس چوری روکی جائے :شہباز شریف
اسلام آباد (دنیانیوز،نیوزایجنسیاں )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکس چوروں کے معاون افسروں اور اہلکاروں کا کڑا احتساب کرنے اور ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ملکی معیشت مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔
سب کو اپنی ذمہ داری کو نبھانا ہوگا،ٹیکس نیٹ میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ٹیکس کی شرح کم کرکے عام آدمی پر بوجھ کم کرنا چاہتے ہیں ۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایف بی آر کی ٹیکس کے دائرہ کار بڑھانے اور ٹیکس آمدن میں اضافے پر جائزہ اجلاس ہوا۔اس موقع پر وزیرِ اعظم نے حکومتی معاشی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد اور شعبے جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں اور ٹیکس نہیں دیتے ، انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سیمنٹ اور دیگر شعبوں میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو رواں برس جون تک مکمل کیا جائے ۔ بعدازاں شہباز شریف کی ایک اجلاس کے دوران زیر تعمیر دانش سکولوں اور دانش یونیورسٹی پر کام تیز تر کرنے کی ہدایت کی ، اجلاس میں ملک بھر میں 15 نئے دانش سکولز کی تعمیر کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ دریں اثنا وزیراعظم نے اپنی ایک ایکس پوسٹ میں کہاکہ اپنے پیارے بھائی ترک صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے پاکستان کی حمایت اور غیر متزلزل یکجہتی کے بھرپور اظہار پر دلی خوشی ہوئی۔ پاکستان کو ترکیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ، سدابہار اور مستقل برادرانہ تعلقات پر فخر ہے جو ہر نئے چیلنج کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔