پاکستان مضبوط ہاتھوں میں،قوم افواج اور اداروں کیساتھ کھڑی :مریم نواز

پاکستان مضبوط ہاتھوں میں،قوم افواج اور اداروں کیساتھ کھڑی :مریم نواز

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ آپریشن بنیان مرصوص قومی سلامتی کے تحفظ میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت قوم کے مکمل اتحاد کا ثبوت ہے ،پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ جانوں کے نذرانے دے کر وطن عزیز کو محفوظ رکھا ہے۔

آج کا پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم اپنی افواج اور اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ، ملک کو درپیش چیلنجز کا حل صرف سیاسی استحکام، قومی یکجہتی اور ترقیاتی تسلسل میں ہے ۔ وزیراعلیٰ سے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے گزشتہ روز ملاقات کی،جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، قومی سلامتی، ترقیاتی منصوبوں اور پنجاب میں جدید ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر پر تبادلہ خیال کیاگیا۔پنجاب کی پہلی بلٹ ٹرین اور ہائی سپیڈ ٹرین پراجیکٹس پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ مریم نواز نے کہاکہ وقت آ گیا ہے کہ پنجاب کے عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔بلٹ ٹرین اور جدید ریلوے نیٹ ورک سہولت سمیت معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ نے وزرا کے ہمراہ پرچم کشائی کرکے یوم تشکر ومعرکہ حق کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا۔پنجاب اسمبلی کے احاطے میں تقریب کے دوران پنجاب پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی اور قومی ترانہ پیش کیا گیا،شہداکو خراج تحسین پیش کیا اوردعا بھی کی گئی۔ افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے خصوصی ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ مریم نواز نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کوفتح مبارک ہو،پاک فضائیہ کے دلیر اور جانباز شاہینوں نے متکبر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا،افواج پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہآپریشن بنیان مرصوص نڈر لیڈرشپ،دلیر افواج پاکستان اور متحد قوم کے غیر متزلزل اتحاد کا مرہون منت ہے ،ہم امن کے داعی ہیں مگر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں