نواز شریف بھارت دوست، کلچر کی آڑ میں بزنس قبول نہیں، حافظ نعیم

نواز شریف بھارت دوست، کلچر کی آڑ میں بزنس قبول نہیں، حافظ نعیم

راولاکوٹ(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے نواز شریف کو بھارت دوست لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرتار بارڈر کھول کر یہ تاثر دینا کہ مشرقی پنجاب اور ہمارے پنجاب کی ثقافت اور کلچر ایک ہے اور اس آڑ میں شریف برادران سٹیل ملز کا بزنس بڑھائیں یہ کسی صورت قبول نہیں ہوگا۔

عرب حکمرانوں کی بے حسی سے آج فلسطین سے کشمیر تک تباہی ہو رہی ہے۔ انہوں نے راولاکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا اب موقع ہے کہ حکومت مقبوضہ کشمیر کی طرف پیش قدمی کا اعلان کرے تاکہ جموں کشمیر کو بھارت سے چھین کر پاکستان کا حصہ بنایا جا سکے ۔ ہمیں فارم 47کے ذریعے بننے والی شہباز شریف اور زرداری حکومت جس طرح قبول نہیں اسی طرح ہم کشمیر پر امریکا کے کسی مسلط کردہ فیصلہ کو بھی نہیں مانیں گے ۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے مودی کو بھرپور جواب سے کشمیر سے منی پور ناگا لینڈ تک تحریکیوں کو تقویت ملی، بنگلادیش پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ، بنگلادیش کا راستہ استعمال کر کے پاک فوج کو بھارت سے 7ریاستیں آزاد کرانے کا موقع مل گیا ہے ۔ پاکستان نے 5 اگست کے بھارتی عمل کا کوئی جواب نہیں دیا،مفادات کی دوڑ میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی بھی جنرل (ر) باجوہ کو توسیع دینے کا کھیل کھیل رہی تھیں، پہلگام سانحہ کے بعد اسرائیل اور بھارت نے گٹھ جوڑ کر کے پاکستان کو تباہ کرنے کا کھیل کھیلا مگر ہماری بہادر افواج نے بھارت کو ناکوں چنے چبوا کرگریٹر اسرائیل کی طرح اکھنڈ بھارت کا خواب چکنا چور کردیا، ماضی میں الفاران کا ڈرامہ رچا کر کشمیریوں کو بدنام کرنے کا ناٹک رچایا گیا۔ انہوں نے امریکی ثالثی کو سازش قرار دیا اور کہا ہمیں اس غلط فہمی سے نکل جانا چاہیے کہ امریکا کشمیر آزاد کرائے گا۔انہوں نے کہا جس نظریے پر پاکستان بنا اس پر ملک نہیں چلایا گیا سندھیوں بلوچوں کشمیریوں کو حقوق سے دور رکھا گیا جس سے انکا احساس محرومی بڑھا اور دشمن یہاں علیحدگی کی تحریکوں کو سامنے لایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں