گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کا الزام مسترد:پاکستان سکھ مذہب کے مقدس مقامات کا قابل فخر محافظ:دفترخارجہ
اسلام آباد(وقائع نگار ،دنیا نیوز)پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کا بھارتی الزام مسترد کر دیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کے الزامات مسترد کرتے ہیں۔
یہ دعویٰ بے بنیاد ہے کہ پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، گولڈن ٹیمپل جیسے مقدس مقام کو نشانہ بنانے کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔ان کا کہنا ہے کہ گولڈن ٹیمپل سکھ عقیدے کا سب سے زیادہ قابل احترام مقام ہے ، ہمارے لئے تمام عبادت گاہیں قابل احترام ہیں، بھارت نے ہی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا، 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات پاکستان میں بھی مختلف عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے الزامات اس ناقابل قبول فعل سے توجہ نہیں ہٹا سکتے ، پاکستان سکھ مذہب کے بہت سے مقدس مقامات کا قابل فخر محافظ ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتریوں کا خیرمقدم کرتا ہے ، پاکستان کرتارپور راہداری کے ذریعے گوردوارہ صاحب کرتارپور تک ویزا فری رسائی بھی فراہم کرتا ہے ۔ ترجمان دفترخارجہ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے غزہ کو مکمل کنٹرول میں لینے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے ۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی نسل کشی مہم کو فوری طور پر رو ک کر غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی یقینی بنائے اور لاکھوں ضرورت مند فلسطینیوں تک انسانی امداد کی بلارکاوٹ فراہمی کے لئے عملی اقدامات کرے ۔دفترخارجہ کی طرف سے اسرائیل کو اس کے سنگین جرائم پر جواب دہ بنانے کی بھی ضرورت پر زور دیا گیا ۔