فیلڈمارشل تب تک عہدے پررہینگے جب تک چاہیں گے :واوڈا
لاہور (دنیا نیوز)سینیٹر فیصل واوڈا نے کہاہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اس وقت تک عہدے پر رہیں گے جب تک وہ چاہیں گے ۔دنیانیوزکے پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ ‘‘ میں گفتگو کرتے فیصل واوڈا نے کہا فیلڈ مارشل عاصم منیر وہ واحد طاقتور ترین شخصیت ہیں۔
جنہوں نے پاکستان کو جمہوریت سمیت ہر فیلڈ میں آگے چلانے کے تمام کریڈٹ اپنے نام کئے ہیں اوردنیا میں پاکستان کا جھنڈا بلند کیا ، اب جنگ جیتنے پر انہیں فیلڈ مارشل کا عہدہ دیا گیا ، وہ تمام فورسز کی کمانڈ کرینگے ، سید عاصم منیر ہی افواج پاکستان میں عہدوں کی ترقی اور تعیناتی کرینگے ، وہ تاحیات فیلڈ مارشل رہیں گے ، شہباز شریف نے انفرادی طور پرانہیں یہ اعزاز دیکر بہت زبردست کام کیا ، تحریک انصاف نے ہتھیار ڈال دئیے ہیں ، سب نے دیکھ لیا ، شہباز شریف ایک اور بڑا کام کریں اور تعریفیں اپنے کھاتے میں لے لیں کہ اپوزیشن کو انگیج کریں ، فیلڈ مارشل کو جب انکی ضرورت تھی تو پی ٹی آئی نے روڑے اٹکائے تھے ۔ اس موقع پر مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز دینا وزیر اعظم کا انفرادی آئیڈیا تھا ، انکی خدمات پر یہ اعزاز بنتا ہے ، فیلڈ مارشل پرائیڈ آف پر فارمنس کی طرح اعزاز ہے ، اعزاز ایک عزت اور احترام ہے باقی ذمہ داریاں اسی طرح رہیں گی ، ایئر چیف کی ریٹائر منٹ کی مدت پوری ہونے پر فیصلہ ہوگا کہ وہ برقرار رہیں گے یا نہیں ، فیلڈ مارشل کا اعزاز دینے سے تحریک انصاف کو فرق پڑے گا ، وہ دن رات برائیاں کرتی ہے ، اسے اب معافی مانگنی چاہئے ، ہماری افواج ہر گھڑی ہر دم پہلے سے زیادہ تیار ہیں ، سست ہونے کی انکی نہ عادت ہے نہ ڈیوٹی اجازت دیتی ہے ، انہیں اسی طرح تیار رہنا بھی چاہئے ، مودی اگر یہ کہہ بھی دے کہ بس ختم ہو گیا ، میں اب کوئی ایسی حرکت نہیں کروں گا تو بھی ہم اتنا ہی الرٹ رہیں گے ۔