وزیر اعظم سے بلاول کی ملاقات، سفارتی رابطوں کیلئے رہنمائی لی
اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی ،دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت وفد نے ملاقات کی ۔وفد میں سینیٹر شیری رحمن اور سابق وفاقی وزیر حنا ربانی کھر شامل تھیں۔
گزشتہ روز وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے سفارتی رابطوں کے مشن کے تحت دنیا کے اہم دارالحکومتوں میں پاکستانی موقف کو اجاگر کرنے اور بھارتی جارحیت اور اشتعال انگیز ایجنڈے کو دنیا کے سامنے رکھنے کے حوالے سے وزیراعظم سے رہنمائی لی۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس قومی سفارتی کام کے حوالے سے ان پر اعتماد کرنے اور ان کو پاکستانی وفد کی قیادت سونپنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے کہا امید ہے آپ کی قیادت میں یہ وفد پاکستان کا موقف اور بیانیہ بھرپور اور مؤثر طریقے سے دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔ملاقات میں اسحاق ڈار ، مصدق ملک ، رانا ثناء اللہ اور طارق فاطمی بھی شامل تھے ۔ دریں اثنا وزیر اعظم سے برطانوی ماہر معیشت پروفیسر ڈاکٹر سٹیفن ڈرکن نے ملاقات کی ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کاروبار کو فروغ دینے کے لئے تمام پالیسیوں میں عمدہ توازن بے حد ضروری ہے ۔ شہباز شریف سے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کے صدور کے وفد نے بھی ملاقات کی ۔وزیر اعظم نے کہا معرکہ حق میں کامیابی کے بعد معاشی میدان میں تاریخ ساز فتح کے لیے حکومت اور پوری قوم پر عزم ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا ٹیکس چوری قطعاً قابل قبول نہیں ہے اس کے تدارک کے لیے تمام اقدامات لئے جائیں گے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے کہا ہے 10 مئی کو افواج پاکستان نے قوم کے اتحاد اور اتفاق سے بھارت کو جو شکست فاش دی دشمن اسے قیامت تک یاد رکھے گا۔وہ یہاں مری روڈ انٹر چینج جناح سکوائر کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیر اعظم نے جناح سکوائر کے منصوبے کی 35 دن میں تکمیل پر سی ڈی اے ، متعلقہ کمپنی کے ذمہ داروں اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا مختصر مدت میں منصوبے کی تکمیل آسان کام نہ تھا ۔