پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کی غفلت،ہزاروں لوگ حج پر نہ جاسکے:وزیرمذہبی امور
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے ) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کی غفلت کے باعث ہزاروں لوگ حج پر نہ جاسکے ۔ نجی حج سکیم کے کو ٹہ میں سستی اور کوتاہی کے باعث رواں برس صرف 25 ہزار 698 عازمین حج پر جاسکیں گے۔
سیکر ٹر ی وزارت مذہبی امور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حج پالیسی نومبر میں منظور ہوئی اور میں نے مارچ میں وزارت کا چارج سنبھالا ،دو مرتبہ سعودی عرب گیا ا ور انتظامات دیکھے ، حج پالیسی کے تحت 50 فیصد سرکاری اور 50 فیصد نجی سکیم کا کوٹہ ہوتا ہے جومجموعی طور پر 1 لاکھ 79 ہزار 210 کا کوٹہ بنتا ہے ،سرکاری سکیم کے انتظامات وزارت مذہبی امور کرتی ہے اور سعودی عرب کے احکامات کے مطابق سرکاری سکیم کا کوٹہ مکمل استعمال کیا گیا اور ڈیڈ لائن میں پیسے بھی چلے گئے اور حاجیوں کی منظوری بھی ہوگئی تھی ۔ اب سعودی عرب مزید حج کوٹہ نہیں دے رہا ہے اس لئے جو پرائیویٹ سکیم کے عازمین حج رہ گئے وہ اب نہیں جاسکتے ، پرائیویٹ حج کوٹہ منسوخ ہونے کی تمام ذمہ داری ٹور آپریٹرز پر عائد ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ بعض ٹور آپریٹرز کہتے ہیں کہ انہیں ڈیڈ لائن کا نہیں بتایا گیا جبکہ وزارت مذہبی امور نے تمام معلومات بروقت ٹورآپریٹرز کو دی اور صورت حال سے آگاہ رکھا، ابھی تک نجی سکیم کا منسوخ شدہ بقیہ کوٹہ نہیں ملا ، ہم نے قائمہ کمیٹیوں اور ٹورآپریٹرز کے مطالبے پر سعودی حکومت کو خط لکھا مگر کوئی جواب نہیں ملا ،وزیر اعظم نے رہ جانے والے عازمین حج کے معاملے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنادی ، کمیٹی جو رپورٹ سامنے لائے گی اس پر ذمہ داران کو سزا ملے گی۔
سردار یوسف نے مزید کہا کہ نجی سکیم کے پیسے بروقت ٹورآپریٹرز سسٹم میں نہ بھیج سکے اور انہوں نے سعودی عرب کے احکامات پر عمل نہ کیا اور ڈیڈ لائن کے حوالے سے سستی دکھائی ۔سعودی حکومت نے 2000 کوٹہ والی کمپنیوں کو ہی کوٹہ دینے کا طے کیا تھا جس پر رواں برس حج آرگنائزرز کے 41کلسٹر بنائے ۔ٹور آپریٹرز نے 14 فروری 2025 تک 25 فیصد رقم جمع کرانا تھی جو مقررہ تاریخ تک بہت کم رقم جمع کرائی گئی، 48 گھنٹے اضافی د ئیے گئے جس میں بھی 10 ہزار حجاج کی مزید کی رقم جمع ہوئی۔ سعودی عرب کا دورہ کرکے سرکاری سکیم کے عازمین سے مسائل معلوم کئے ، وزارت نے بہترین انتظامات کئے ہیں، کھا نا ، ٹرا نسپورٹ وغیرہ سب کچھ اچھا چل رہا ہے ، سرکاری سکیم میں ایک ہی کیٹیگری ہے ، اگر کسی عازمین حج کو پریشانی ہے تو وہ وہاں وزارت کے عملے کو اطلاع دے ،وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں حج آرگنائرز کے ترجمان محمد سعید نے کہا کہ وفاقی وزیر کی پریس کانفرنس 67000 ہزار حجاج کے زخموں پر مزید نمک پاشی کے مترادف ہے ، سعودی حکومت کی ٹائم لائن کی وجہ سے صرف پاکستانی حجاج نہیں بلکہ دنیا بھر کے دیگر ممالک کے حجاج بھی متاثر ہوئے ہیں ،وزارت مذہبی امور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور دیگر ممالک کی طرح ان کو بھی اگلے سال حج پر بھیجنے کا واضح اعلان کریں۔