بجٹ:سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے تجاویز تیار
اسلام آباد (مدثرعلی رانا) آئندہ مالی سال کیلئے وفاقی بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کیلئے مختلف تجاویز زیرغور ہیں، ان میں گریڈ 1 سے 16 تک کیلئے 30فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس، مہنگائی کے تناسب سے 10فیصد اضافے کی تجویز ہے ، گزشتہ دو ایڈہاک میں سے 1 ایڈہاک ضم کرنے کی تجویز بھی ہے ، گریڈ 1 سے 16 تک ڈسپیرٹی الاؤنس سے اوپر گریڈ 17 سے 22 تک 15 فیصد اضافے کی تجویز ہے ۔
ذرائع سے معلوم ہوا کہ بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کیلئے اب تک 4 تجاویز ہیں تاہم کسی تجویز کو حتمی شکل نہیں دی گئی ورکنگ پیپر تیار کر کے بجٹ اجلاس سے قبل وفاقی کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، وزیراعظم کابینہ کی مشاورت سے تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کریں گے ۔ باوثوق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اضافہ ضرور کیا جائے گا لیکن حتمی فیصلہ بجٹ والے دن کابینہ اجلاس میں ہی ہو گا ۔ ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے حکومت سے تنخواہوں میں اضافے کیلئے بات چیت کی ہے ، تنخواہوں میں اضافے پر آئی ایم ایف سے ورچوئلی مذاکرات کے دوران بات چیت ہوئی تھی ، اس کے علاوہ ابھی تک آرمڈ فورسز کے ملازمین کو کنٹری بیوٹری پنشن سکیم میں شامل کرنے یا نہ کرنے پر فیصلہ ہونا باقی ہے ۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ سے آئندہ بجٹ میں آرمڈ فورسز کو کنٹری بیوٹری پنشن سکیم سے شمولیت سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی ہے لیکن دستاویز کے مطابق آرمڈ فورسز ملازمین کو یکم جولائی 2025 سے کنٹری بیوٹری پنشن سکیم میں شامل کرنا تھا۔ ذرائع نے بتایا گزشتہ ماہ تک آرمڈ فورسز کو کنٹری بیوٹری پنشن سکیم میں شامل کرنے کیلئے سٹرکچر تیار نہیں ہو سکا تھا اور ابھی تک یہی سٹیٹس برقرار ہے ۔ کنٹری بیوٹری پنشن سکیم میں ملازمین کی بنیادی تنخواہ کا 10 فیصد حصہ شامل کیا جانا تھا اور وفاقی حکومت نے کنٹری بیوٹری پنشن فنڈ سکیم میں بنیادی تنخواہ کا 20 فیصد حصہ ادا کرنا ہے ۔ وزارت خزانہ حکام کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کی تجاویز ابتدائی مراحل میں ہیں، اس حوالے سے سوال پر وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا لیکن حتمی فیصلہ بجٹ سے پہلے وفاقی کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا اور تنخواہ دار طبقے کیلئے ٹیکس ریلیف بھی دیا جائے گا۔