وزیراعظم کے مسلم ممالک کے سربراہوں کو فون، پاک بھارت بحران میں امن کوششوں کی تعریف

لاہور،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں نماز عید الاضحی ادا کی، عید پر انہوں نے ملائشیا، ترکیہ، تاجکستان، آذربائیجان، مصر، کویت، اردن، ازبکستان، بحرین، ایران، عمان اور قازقستان سمیت مسلم ممالک کے رہنماؤں کو فون کئے، عید کی مبارکباد دی اور حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران ان کے تعمیری کردار اور امن کی کوششوں کو سراہا جبکہ وزیراعظم نے صدر آصف علی زرداری، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزرا اور قومی سیاسی رہنماؤں سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں عیدکی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور سلمان شہباز نے بھی وزیرا عظم کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔ وزیراعظم نماز کی ادائیگی کے بعد لوگوں سے عید ملے۔وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شہباز شریف نے ملائشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے مبارکباد کا تبادلہ ، امت مسلمہ کے اتحاد اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں امن اور بے گناہ فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے بھی دعا کی۔ شہباز شریف نے پاک، بھارت کشیدگی کے دوران حمایت اور متوازن موقف پر ملائشیا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیراعظم نے کہا خطے میں امن چاہتے ہیں ،پاکستان نے ہمیشہ علاقائی امن اور استحکام کے لئے کوششیں کی ہیں تاہم ہمارے پاس بے گناہ پاکستانیوں کے خلاف کی گئی بھارت کی فوجی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا کیونکہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی گئی۔ دونوں وزرائے اعظم نے تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافت سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید کی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی کو کم کرنے میں قطر کی متحرک سفارت کاری اور تعمیری کردار پر امیر قطر سے اظہار تشکر کیا۔دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے اور جلد از جلد ایک دوسرے سے ملنے پر اتفاق بھی کیا۔وزیراعظم نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمن ، آذربائیجان کے صدر الہام علییوف ، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی ،کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح، اردن کے بادشاہ شاہ عبداﷲدوئم ، ازبکستان کے صدر شوکت مرضیوف ، بحرین کے بادشاہ شاہ حمد بن عیسی ٰالخلیفہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور عید کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں اور ایرانی عوام کو عید کی مبارکباد دی۔انہوں نے ایران کے رہبر اعلی آیت اﷲ علی خامنہ ای کے لئے اپنے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم نے سلطنت عمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ۔شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر ان کو اور ترکی کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔دونوں رہنماؤں نے اپنی پچھلی ملاقاتوں کے دوران کیے گئے اہم فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر اعظم نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ توکائیف کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی۔دوطرفہ تعلقات میں مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے تعاون کو اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بوسنیا اور ہرزیگووینا کے رکن ایوان صدر ڈاکٹر ڈینس بیسرویک سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔وزیراعظم نے ڈاکٹر بیسرویک کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔ ڈاکٹر ڈینس بیسرویک نے دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم کو بھی بوسنیا اور ہرزیگووینا کے دورے کی دعوت دی۔ دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری کو ٹیلیفون کیا اوران کو عید الاضحی کی مبارکباد دی۔صدر آصف زرداری نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان مجموعی سیاسی صورتحال اور مختلف ملکی امور پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر ، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ ٰسندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، عبدالعلیم خان،چودھری سالک حسین ،جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن ، جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی اور قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیر پاؤ سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں عیدالاضحی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے چودھری سالک سے چودھری شجاعت حسین کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔وزیر اعظم نے حج کے بہترین انتظامات پر پاکستانی حجاج کی جانب سے سعودی عرب سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ ایکس پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا وہ ایک لاکھ 15 ہزار سے زیادہ پاکستانی حاجیوں کے ساتھ ساتھ اپنی طرف سے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور اپنے پیارے بھائی شاہی عظمت ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے علاوہ اس سال کی تنظیم کے لئے اپنی پرتپاک مبارکباد اور تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔