اتنے پیسے ہیں وفاق کو قرض دے سکتے ہیں : گنڈا پور : خیبرپختونخوا کا خزانہ خالی: گورنر کنڈی

ڈی آئی خان(آئی این پی)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہماری عدلیہ آزاد نہ ہونے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں ہیں تاہم انکی رہائی کے لیے تحریک کی تیاری کر رہے ہیں،صوبے کے پاس اتنے پیسے ہیں کہ وفاق کو قرض دے سکتے ہیں، مقروض ملک آزاد اور خود مختار فیصلے نہیں کر سکتا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بانی تحریک کی رہائی عدالتوں سے منسلک ہے اور ہماری عدلیہ آزاد نہیں ، ملک میں عدلیہ آزاد نہ ہونے پرعمران خان کو جیل میں ڈالا ہوا ہے ۔ انکی رہائی کیلئے تحریک کی کامیابی اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے ، صوبے میں ٹیکس فری بجٹ دینگے ، عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، میگا پراجیکٹس شروع کر رہے ہیں اور پشاور،ڈیرہ موٹروے پر کام ہو رہا ہے ۔ صوبے میں ایجوکیشن ایمرجنسی لگا رہے ہیں ،تعلیمی معیار کو اوپر لے جانا چاہتے ہیں، نوجوان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے بلا سود قرضے دیں گے ۔انہوں نے کہا شروع سے کہہ رہے ہیں افغانستان کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل ہو گا۔دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے ، صوبے میں علی بابا چالیس چوروں کی حکومت ہے ۔ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اپنے ارمان پورے کر رہے ہیں، عوام کا اللہ حافظ ہے ۔ وزیراعلیٰ کے ضلع کا حال دیکھ لیں لوگ کیسی زندگی بسر کر رہے ہیں، صوبے کا خزانہ خالی ہے لیکن وزیراعلیٰ وفاق کو قرضہ دینے کی بات کرتے ہیں۔ صوبائی حکومت دہشتگردوں کی سہولت کاری ختم کرے تو صوبے میں امن ہو جائے گا۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی بھارت سے جنگ کی آڑ میں این آر او لینا چاہتی تھی۔