کراچی میں امن ،رہزنی میں کمی حکومت کی کامیابی، وزیر اعلیٰ

 کراچی میں امن ،رہزنی میں کمی حکومت کی کامیابی، وزیر اعلیٰ

لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے۔

 انہوں نے گڑھی خدا بخش میں عید کی نماز ادا کی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزارات پر حاضری دے کر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ بھارت کے ساتھ جنگ کے بعد پہلی عید ہے ، اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک بڑی اور فیصلہ کن فتح عطا فرمائی ہے ۔ انہوں نے اس فتح کا کریڈٹ پاکستانی عوام اور پاک فوج کو دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت شہداء کے مشن اور بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے کراچی میں امن و امان کی بہتری اور اسٹریٹ کرائم میں نمایاں کمی کو حکومت کی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں۔اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، ایم این اے خورشید احمد جونیجو، ایم پی اے سہیل انور سیال، خصوصی معاون خیر محمد شیخ، چیئرمین ضلع کونسل لاڑکانہ اعجاز لغاری اور دیگر اہم شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں