ٹیرف اصلاحات:4سال میں اضافی کسٹم ڈیوٹی،5سال میں ریگولیٹری ڈیوٹیز کا خاتمہ

اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے ، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور برآمدات کو بڑھانے کے لیے پُر عزم ہے ، وزارت تجارت نے مسابقتی ، متنوع اور برآمدات پر مبنی ملکی معیشت کے فروغ کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔
حکومت معاشی ترقی، کاروبار کو سپورٹ کرنے اور برآمدات کو فروغ دینے کے واضح ویژن کے ذریعے ایک جامع ٹیرف ریفارمز پیکیج متعارف کروا رہی ہے ، جس کا مقصد موجودہ ٹیرف کو مناسب بنانا ہے تاکہ برآمدات کو بڑھا کر معاشی ترقی کو تیز کیا جاسکے ۔ان کا کہنا تھا وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق ٹیرف اصلاحات کو نیشنل ٹیرف پالیسی 30-2025 کا حصہ بنایا جا رہا ہے جس کے تحت 4 سال میں اضافی کسٹم ڈیوٹی اور 5 سال میں ریگولیٹری ڈیوٹیز کا خاتمہ ہوجائے گا۔کسٹم ایکٹ 1969 کے 5 ویں شیڈول کا 5 سالوں میں اختتام ہوگا جبکہ کل چار کسٹمز ڈیوٹی سلیبز (0 فیصد، 5 فیصد، 10 فیصد، اور 15 فیصد )ہونگی اور زیادہ سے زیادہ کسٹم ڈیوٹی کی حد 15 فیصد ہوگی ۔انہوں نے کہا ان ٹیرف اصلاحات کو مرحلہ وار لاگو کیا جائے گا تاکہ کاروبار کسی خلل کے بغیر اس تبدیلی کے ساتھ ایڈجسٹ کرسکیں اور ان کی راہ میں آنے والی رکاوٹوں کو کم سے کم کیا جاسکے جب کہ معیشت کے تقریباً تمام شعبے ان اصلاحات سے مستفید ہوں گے جن میں فارماسیوٹیکل، آئی ٹی ، ٹیلی کام، ٹیکسٹائل، انجینئر نگ وغیرہ شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا ورلڈ بینک کے مطابق ان اصلاحات کے کامیاب نفاذ کے بعد پاکستان کے اوسط ٹیرف خطے میں سب سے کم ہو جائیں گے اور ہم ویت نام اور انڈونیشیا جیسے ممالک کی صف میں شامل ہو جائیں گے ہمیں یقین ہے ان اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور یہ ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔