11ماہ میں 35 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر وصول

11ماہ میں 35 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر وصول

اسلام آباد (اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک) سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 28.8 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے مئی 2025 تک کی مدت میں سمندر پار پاکستانیوں نے تقریباً 35 ارب (34.9)ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا ۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 27.1 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ مئی میں سمندر پار پاکستانیوں نے 3.7 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بھیجا جو اپریل 2025 اور مئی 2024 کے مقابلہ میں بالترتیب 16 اور 13.7 فیصد زیادہ ہے ۔رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانی مئی میں 91 کروڑ 39 لاکھ ڈالر وطن بھیج کر پہلے نمبر پر رہے ، مئی میں 75 کروڑ 42 لاکھ ڈالر وطن بھیج کر یو اے ای میں مقیم پاکستانی دوسرے نمبر پر آئے، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 59 کروڑ ڈالرز کا زرمبادلہ بھیج کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔سٹیٹ بینک کے مطابق امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے مئی میں ساڑھے 31 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ وطن بھیجا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں