سٹیل ملز سکریپ کردی جائیگی ،بحالی کے چانسز کم ، ہارون اختر

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت اور پیداوار ہارون اختر نے کہا ہے کہ سٹیل ملز سکریپ کردی جائیگی کیونکہ اسکی بحالی کے چانسز کم ہیں اور نقصان پہنچانے والے حکومتی اداروں کو بند کرنا ہے۔
امریکا اورارجنٹینا میں بھی خسارے والے ادارے بند ہوئے ، ماضی کی غلطیوں کا بوجھ ساری عمر حکومتیں نہیں اٹھا سکتیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا ہماری نئی ٹیرف پالیسی آئی ہے جس سے کاسٹ کم ہوگی، انٹرسٹ ریٹ کم ہوگئے ہیں اور مزید کم ہونگے ، ٹیکس ریٹس بھی مزید کم ہونگے ۔ برآمدات فوکسڈ مینو فیکچرنگ صنعت کی پالیسی سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی، ہمارا ویژن ہے صنعتی گروتھ 6 سے 7 فیصد تک پہنچے ۔ ہارون اختر نے کہایوٹیلیٹی سٹورز میں بے ضابطگیاں ہوئیں، ایسے لوگ آئے جنہیں نہیں آنا چاہیے تھا۔ ہر کسی کو مارکیٹ ویلیو کے مطابق قیمت دینی چاہیے ، قیمت نہ ملے تو لوگ کارکردگی نہیں دکھائیں گے ، 9سال سے ارکان اسمبلی کی تنخواہ نہیں بڑھی، چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ جو قائم مقام صدر مملکت بھی بنتا ہے دو لاکھ ہے ، سپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہ بھی دو لاکھ ہے ۔ پارلیمنٹ میں تمام ارکان صنعتکار نہیں ، آہستہ آہستہ تنخواہ بڑھنی تھی جو نہیں بڑھی اور اب 9 سال بعد بڑھایا گیا ہے جہاں ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اچانک اضافے پر تنقید کی جا رہی ہے، وہیں سرکاری ملازمین کے تنخواہوں میں اضافے اور تنخواہ دار طبقے کے ٹیکسز کم کرنے کو سراہا جا رہا ہے۔