شہباز شریف کی امارات کے صدر شیخ محمدبن زایدالنہیان سے ملاقات،تعاون بڑھانے پر اتفاق

شہباز شریف کی امارات کے صدر شیخ محمدبن زایدالنہیان سے ملاقات،تعاون بڑھانے پر اتفاق

ابوظہبی،اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ابوظہبی کے دورہ پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی ہے ، اس دوران مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے فرمانروا شیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورے پر ابو ظہبی پہنچے تو البطین ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کے بھائی اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا اور وزیرِ اعظم کے ہمراہ گاڑی میں صدارتی محل کی جانب روانہ ہوئے ۔نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اﷲتارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی پاکستانی وفد میں شامل ہیں۔صدارتی محل میں شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کے موقع پر شیخ طحنون بن زاید، شیخ حمدان بن محمد اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں اور تعاون پر شہباز شریف نے اماراتی قیادت سے اظہار تشکر کیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی استحکام کیلئے اماراتی صدر کی کاوشوں اور سفارت کاری کو سراہا۔اماراتی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان قصر الشاطی میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں خطے اور دنیا میں امن و استحکام پر زور دیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی مفادات اور ترقیاتی اہداف پر مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے لندن ٹیک ویک 2025 میں پاکستان کی موثر موجودگی اور شرکت پر تمام سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا ٹیک مستقبل روشن ہے ۔اس بھرپور شرکت سے پاکستان کو ایک آگے بڑھتے ہوئے ملک کی حیثیت حاصل ہوئی ہے جو ٹیکنالوجی،اختراعات اور نوجوانوں کی دنیا کے ساتھ منسلک ہونے کی صلاحیت کو بروئے کار لا رہا ہے ،اس طرح کے ایک اہم پلیٹ فارم پر ہماری موجودگی ہمارے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل فٹ پرنٹ اور عالمی اہداف کی عکاسی کرتی ہے ۔وزارت آئی ٹی،پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ، ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور ہمارے ٹیک انٹرپرینیورز کو پاکستان کا وژن بھرپور انداز میں پیش کرنے پر سراہتا ہوں۔جیسا کہ ہم ایک علم کی بنیاد پر معیشت کی جانب اپنے سفر کو تیز تر کر رہے ہیں،ہماری حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ، ڈیجیٹل تبدیلی اور اس سے متصل عالمی تعلقات کے لئے پر عزم ہے ۔مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کا ایک روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ۔ابو ظہبی کے البطین ہوائی اڈے پرشیخ طحنون بن زاید النہیان نے وزیرِ اعظم کو الوداع کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں