ہائیکورٹ:آئی جی کو مغوی کی بازیابی کیلئے 15 جولائی تک کی مہلت
لاہور (کورٹ رپورٹر )شہری کی عدم بازیابی کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی کو مغوی کی بازیابی کیلئے 15جولائی تک کی مہلت دیدی، عدالت نے آئی جی کو اشتہاریوں سے متعلق وارنٹ حاصل کرنے ،قانون بارے پولیس افسروں کو مطلع کرنے کی بھی ہدایت کی ۔
جسٹس فاروق حیدر نے منڈی بہائوالدین کے شہری عثمان کی درخواست پر سماعت کی ، آئی جی عثمان انور ،پی او گوجرانولہ طیب حفیظ چیمہ ،ڈی پی او منڈی بہائوالدین وسیم احمد ودیگر پولیس افسر ، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل ادریس بھٹی کے ہمراہ پیش ہوئے اوررپورٹ پیش کی ۔ آئی جی نے بتایا ملزم گجرات میں قتل کیس میں اشتہاری ہے ، آر پی او گوجرانولہ نے بتایا ملزم کی گرفتاری کیلئے دو ٹیمیں بنائیں ، جائیداد ضبطی کیلئے متعلقہ عدالت کو لکھا مگر ابھی تک منظوری نہیں ملی ۔ جسٹس فاروق حیدر نے ریمارکس دئیے اگر کوئی شخص اشتہاری قرار دیا جائے تو وہ قانونی دفاعی حقوق کھو دیتا ہے ، اشتہاری کو آئینی درخواست کا حق بھی حاصل نہیں ہوتا،عدالت نے غیر تسلی بخش جواب دینے پر ڈی پی او منڈی بہاؤالدین پر اظہار ناراضگی کیا اورمکالمہ کرتے کہا جہاں اغواکیا گیا وہاں اہل علاقہ کے بیانات کیوں قلمبند نہیں کرائے گئے ، مغوی پہلے ہی اشتہاری ہے تو اس کیخلاف درج ایف آئی آر کیسے ٹھیک ہوسکتی ہے ، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 15 جولائی تک ملتوی کردی۔