گنڈا پور مولا جٹ بننے کی کوشش کر رہے ہیں:عظمیٰ بخاری

گنڈا پور مولا جٹ بننے کی کوشش کر رہے ہیں:عظمیٰ بخاری

لاہور ( نمائندہ دنیا) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے عید پر صفائی کے مثالی انتظامات کے ساتھ ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

 جسے عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی،پنجاب کا سالانہ بجٹ 16جون کو پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا،وزیر اعلیٰ پنجاب نے کسی بھی نئے ٹیکس کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے اور آئندہ بجٹ ٹیکس فری ہوگا،ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لیے ان افراد کو دائرے میں لایا جائے گا جو پہلے سے ٹیکس ادا نہیں کر رہے ،وزیر اعلیٰ کے موثر اقدامات سے کئی حلقوں میں جلن کی بو آ رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے ہمراہ ڈی جی پی آر لاہور میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گنڈا پور سستے مولا جٹ بننے کی کوشش کر رہے ہیں اور علیمہ باجی خود کہتی ہیں کہ ہم نے اسلام آباد نہیں آنا، تو کچھ بھی کہنے سے پہلے اپنے مشیروں سے مشورہ کر لیں۔ان کا کہنا تھا سندھ والے کام خود نہیں کرتے ،غصہ پنجاب پر نکالتے ہیں،میئر کراچی سے اب تک کوڑا تک نہیں اٹھایا گیا۔اس موقع پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم کے ترقیاتی بجٹ میں 400فیصد ریکارڈ اضافہ کرتے ہوئے 32ارب سے بڑھا کر 110ارب کر دیا ۔ دوسری جانب ہائر ایجوکیشن کے بجٹ میں بھی 500فیصد تک اضافہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز سمجھتی ہیں کہ تعلیم میں کوئی بانڈری نہیں ہونی چاہیے ۔پریس کانفرنس میں رانا سکندر حیات نے اربن ایریاز کے گرلز کالجز کیلئے 26کوسٹرز کی فراہمی کی بھی خوشخبری سنائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں