سینٹ ،قومی وصوبائی اسمبلیوں میں ایران پر حملوں کیخلاف قراردیں منظور
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ،خصوصی رپورٹر،نیو ز ایجنسیاں )سینیٹ، قومی ،پنجاب ، خیبر پختونخوا اورسندھ اسمبلیوں میں ایرا ن پر اسرائیلی حملو ں کیخلاف قراردادیں منظور کر لی گئیں ، چاروں ایوانوں نے ایران کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ۔
قراردادوں میں کہا گیا کہ اسرائیل مسلمانوں کا قاتل ہے ، حملے سے پورے خطے کا امن داؤ پر لگ چکا،سینیٹ میں پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے عالمی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کی جس سے پورے خطے کا امن داؤ پر لگ چکا ہے ۔ اسرائیل مسلمانوں کا قاتل ہے ۔ ایوان اسرائیل کے مسلم امہ،فلسطین و ایران پر حملے کی مذمت کرتا ہے ۔ سینیٹ ایران کی جوابی کارروائی کو بھی سپورٹ کرتا ہے ۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایوان بالامیں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ مسلم امہ اور دنیا غزہ میں معصوم بچوں اور سویلنز کے قتل کی گواہ ہے ۔ ایوان اس جارحیت کے جواب میں ایران کی حمایت کرتا ہے ۔ ایران پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتے ہیں، اس جنگ کے خطرناک اثرات مرتب ہوں گے ۔قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے کہا کہ ایران پر اسرائیل کے حملے سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہو گیا ہے اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتے ہیں، ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 8 ڈالر فی بیرل اضافہ ہو گیا ہے ۔
ایران اسرائیل جنگ کے خطرناک اثرات مرتب ہوں گے ،مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ ایران پر اسرائیلی حملہ کھلی دہشت گردی ہے ، عالمی برادری کو اسے نظر انداز نہیں کرنا چاہئے ۔ قومی اسمبلی میں قرارداد نوید قمر نے پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ، سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہیں، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ اسرائیل کا وجود ہی ناجائز تھا، وہ امن کے لئے خطرہ بن رہا ہے ’ہم ایران کے ساتھ ہیں دنیا اسرائیل کی جارحیت کو روکے ’اسرائیل نے بدمعاشی شروع کی ہوئی ہے ، اس کو روکا جائے ، تحریک انصاف کے چیئرمیں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایران پر حملہ تاریخ کا المناک واقعہ ہے ۔او آئی سی کانفرنس فوری بلائی جائے ، عرب لیگ کی کانفرنس فوری بلائی جائے ۔اسرائیل علاقائی سالمیت کے لئے خطرہ بن چکا ہے ، اسرائیل دنیا کے لئے خطرہ بنتا جا رہا ہے ۔
دنیا اس میں اپنا کردار ادا کرے ۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ اسرائیل دن بدن آگے بڑھ رہا ہے اس جارحیت کی صرف مذمت کرنے سے وہ باز نہیں آئے گا۔ایران ہمارا برادار مسلم ملک ہے یہ جنگ ہمارے ہمسائیگی میں آرہی ہے ہمیں ذمہ داری کے ساتھ اس مسئلے کو اٹھانا چاہئے ۔سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اسرائیل ایک دہشتگرد ہے اور رہے گا۔پوری دنیا کو پتہ ہے دو ممالک اس کی ہٹ لسٹ پر ہیں، ایک ایران دوسرا پاکستان ،اس نے پہلے بھی پاکستان پر حملہ کرنے کی کوشش کی،بے شرم نیتن یاہو مودی کی طرح پاکستان کے خلاف کوئی حرکت کرنے کی کوشش کرے گا۔ یہ پوری دنیا میں مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہ ۔نیتن یاہو کو انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں سزا دلوا کر اس کی لاش کو مہینوں پھندے کے ساتھ لٹکانا چاہئے ۔
سندھ اسمبلی نے بھی ایران میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد اکثریت رائے سے منظور کرلی ۔یہ قرار داد وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پیش کی ۔ وزیر اعلٰی سندھ نے کہا کہ اسرائیل حملے کی پوری دنیا کے ساتھ ہم بھی مذمت کرتے ہیں۔ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لے ۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی ایران پر اسرائیلی حملے کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی اور ایران کیخلاف مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ پنجاب اسمبلی نے بھی ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ۔ پنجاب اسمبلی میں وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف قرارداد پیش کی۔ متن میں کہا گیا کہ ایوان ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے ، اسرائیل کا حالیہ اقدام عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے اور دنیا کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے ۔ قرارداد میں او آئی سی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری اجلاس طلب کریں اور سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی دہشتگردی کو روکا جائے ۔