تنخواہ بڑھانے سے تعلق نہیں ،واپس کروادیں:چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد(آئی این پی)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اپنی تنخواہ میں اضافے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنخواہ بڑھانے سے میرا کوئی تعلق نہیں۔
چیئرمین سینیٹ سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ تنخواہ میں اضافہ واپس کر رہے ہیں؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ تنخواہ واپس کروا دیں اچھی بات ہے ، میری تنخواہ میں اضافے سے متعلق مجھ سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی ۔ان کاکہناتھاکہ وزیر دفاع خواجہ آصف کا احترام کرتا ہوں لیکن میرا تنخواہوں میں اضافے سے کوئی تعلق نہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، ڈپٹی چیئرمین سیدال ناصر خان، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹس لیا تھا جبکہ ایک روز قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے ان عہدوں پر فائز افراد کی تنخواہوں میں اضافے کو مالی فحاشی قرار دیا تھا۔