حکومت ایران کی حمایت میں اقدامات اٹھائے ، حافظ نعیم

حکومت ایران کی حمایت میں اقدامات اٹھائے ، حافظ نعیم

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ایران کی حمایت میں اقدامات اٹھائے ، اسرائیل بدمست ہاتھی بن چکا ہے جس سے پورے خطے کی سلامتی کو خطرہ ہے ۔

جماعت اسلامی کی نومنتخب مجلس شوریٰ سے خطاب میں امیر جماعت نے ایران پر اسرائیلی حملہ کی پرزور مذمت کی اور کہا جماعت اسلامی اورقوم ایرانی حکومت اور عوام کیساتھ ہے ۔مجلس شوریٰ کا 3 روزہ اجلاس منصورہ میں جاری ہے ،ملک بھر سے منتخب ارکان شریک ہیں۔ قبل ازیں90سے زائد مردوخواتین ارکان شوریٰ نے حلف اٹھایا اور ایران کے حق میں اور اسرائیلی دہشتگردی کیخلاف متفقہ قرارداد پاس کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ایران کے حق میں قرارداد کو سراہا اور کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کی اسرائیل کوتسلیم نہ کرنے کی بات بھی احسن اقدام ہے ۔ اسرائیل فلسطین میں بدترین مظالم ڈھا رہا ہے ، اسرائیلی دہشتگردی پر عالمی برادری، اقوام متحدہ اور بالخصوص مسلم ممالک اور او آئی سی کی خاموشی افسوسناک ہے ۔ حکومت قومی جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اہل غزہ کو صہیونی دہشتگردی سے بچانے میں قائدانہ کردار ادا کرے ۔ اسرائیل اور اس کے سرپرست امریکا کو واضح پیغام دیا جائے کہ مسلمانوں اور انسانیت کیخلاف دہشتگردی بند کی جائے ۔ فلسطینیوں کو خوراک، ادویات اور امداد پہنچانے کا فوری بندوبست کیا جائے ۔امیر جماعت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر یواین قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے ۔ انہوں نے کہا بجٹ میں مراعات یافتہ طبقہ کو نوازا اور عوام کو چاروں طرف سے گھیر کر مارا گیا ہے ۔ کرپشن، سود کے خاتمہ اور عام افراد کو سہولتیں دیئے بغیر معیشت میں بہتری نہیں آئے گی،عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں