باجوڑ :مبارک زیب کے گھر پر پھر راکٹ حملہ ، مین گیٹ کونقصان
پشاور(نیوز ایجنسیاں )باجوڑ سے رکن قومی اسمبلی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی مبارک زیب خان کے گھر پر ایک بار پھر راکٹ حملہ کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ رات گئے کیا گیا جس کے نتیجے میں گھر کے مرکزی دروازے کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔وا قعہ کے فوری بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ،شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ، اس سے قبل بھی ان پر حملوں کی کوششیں کی جا چکی ہیں۔ وا قعہ کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ۔ پولیس اور حساس ادارے حملہ آوروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مبارک زیب خان کے گھر پر راکٹ حملے کی شدید مذمت کی ہے ، وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے حملے میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان نہ ہونے پر اﷲ کا شکر ادا کیا ،وزیراعظم نے وا قعہ کی فوری تحقیقات اور حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔