پٹرولیم مصنوعات کی قیمت کی مانیٹرنگ ، 16 رکنی کمیٹی تشکیل

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل اور ایران کے ایک دوسرے پر فضائی حملوں سے بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت کی مانیٹرنگ کیلئے 16 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔وفاقی وزارت توانائی کی جانب سے وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
جس کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کمیٹی کے کنونیئر ہوں گے ،دیگر ارکان میں وزیرپٹرولیم ،وزیرتوانائی ،وزیرمملکت خزانہ ،گورنرسٹیٹ بینک ،سیکرٹری پٹرولیم ، سیکرٹری توانائی، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ، وزیراعظم کے خصوصی سیکرٹری، آئی ایم ایس ریسرچ کے سربراہ رضا جعفری، چیئرمین اوگرا، ایم ڈی پارکو ، پی ایس او کے چیف سٹریٹجی افسر محسن منگی، سابق ایم ڈی شیل پاکستان ہارون رشیداور سی ای او حبکو کامران کمال شامل ہیں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں اچانک بڑھ گئی ہیں اور پاکستانی معیشت پر تیل کی قیمتوں میں ردوبدل سے ہونے والے اثرات اور حکمت عملی وضع کرنے کی خاطر نگرانی کیلئے وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دی ہے ۔کمیٹی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگرانی کرے گی اور خطے میں حالیہ تنازع کی روشنی میں سپلائی چین کی پیش گوئی کرے گی،اگر کمیٹی کو مزید کسی رکن کی ضرورت پڑے تو مقرر کرسکتی ہے ۔کمیٹی اپنی سفارشات ہفتہ وار بنیاد پر وزیر اعظم کو پیش کرے گی اور پٹرولیم ڈویژن اس کمیٹی کو سیکرٹریٹ تعاون فراہم کرے گا۔