الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے اقدامات کریں:وزیراعظم

الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے  اقدامات کریں:وزیراعظم

اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،اپنے نامہ نگار سے )وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ الیکٹرک موٹرسائیکلز اور گاڑیوں کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات کئے جائیں جبکہ الیکٹرک وہیکلز کیلئے چارجنگ سٹیشنز اور بیٹری سواپنگ سٹیشنز کے قیام کو بھی یقینی بنایا جائے ۔

جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انکاکہناتھاکہ ملک میں ٹو ویلرز اور تھری ویلرز کی تیاری کی استعداد بڑھانے کیلئے صنعتوں کو سہولت فراہم کی جائے ۔دریں اثنا وفاقی وزرا رانا تنویر حسین ،احدخان چیمہ اور وزیرخزانہ اورنگزیب نے وزیراعظم سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔ چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود خان سے ملاقات میں شہبازشریف نے کہاکہ پاکستانی نوجوان افرادی قوت ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرکے با اختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔شہباز شریف سے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے بھی ملاقات کی اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارک باد دی ، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔دریں اثنا وزیر اعظم نے خون عطیہ کرنے کے عالمی دن کے موقع پر اپیل کی کہ پاکستان میں خون کی قلت ایک بڑا مسئلہ ہے ، شہری رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کریں۔ انہوں نے اس دن کو انسانیت سے ہمدردی اور جذبہ ایثار کے حامل افراد کے لیے اظہار تشکر کا دن قرار دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں