مریم کی کارکردگی پنجاب میں پیپلزپارٹی کیلئے نقصان دہ:عظمیٰ

مریم کی کارکردگی پنجاب میں پیپلزپارٹی کیلئے نقصان دہ:عظمیٰ

لاہور(دنیانیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو شخص اپنی نشست تک نہیں جیت سکا، وہ ہمیں لیکچر نہ دے ۔

حسن مرتضیٰ جیسے لوگ بند کمروں کی محفلوں میں خود تسلیم کرتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی ہی وہ اصل وجہ ہے جس نے پنجاب میں پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچایا،مریم نواز عوام کو حقیقی ریلیف دے رہی ہیں، وہ پچھلے 16 ماہ سے لوگوں کو صرف خواب نہیں دکھا  رہیں بلکہ خواب پورے کر رہی ہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا انکی عقل اور شعور کا عالم یہ ہے کہ پنجاب کا بجٹ ابھی پیش ہی نہیں ہوا اور یہ پہلے ہی اسے مسترد کر رہے ہیں ۔اگر کسی حکومت کے پاس کچھ دکھانے اور بتانے کو ہو تو سال، ڈیڑھ سال کافی ہوتا ہے لیکن اگر کچھ نہ ہو تو 16 سال بھی ناکافی ثابت ہوتے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا پیپلز پارٹی کو پنجاب میں سیاسی ناکامیوں کی ذمہ داری دوسروں پر ڈالنے کی بجائے اپنی کارکردگی پر نظر ڈالنی چاہئے ۔ حسن مرتضیٰ حال ہی میں سمبڑیال کے دورے پر گئے تھے ، جہاں انہوں نے گلی گلی جا کر مریم نواز حکومت کے مثبت نتائج اپنی آنکھوں سے دیکھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں