پیکا قانون پر صحافتی تنظیموں سے مشاورت کیلئے تیار ہیں:عطا تارڑ

پیکا قانون پر صحافتی تنظیموں سے مشاورت کیلئے تیار ہیں:عطا تارڑ

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اﷲ تارڑ نے کہا ہے آزادی صحافت جمہوری نظام کی روح ہے ، پیکا قانون مستند صحافیوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔

حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران میڈیا نے قومی سلامتی اورریاستی موقف کے تحفظ میں بالغ  نظری کا مظاہرہ کیا جو لائق تحسین ہے ، جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن جلد کام شروع کر دے گا، باقاعدگی سے شائع نہ ہونے والے اخبارات کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای)کے صدر کاظم خان کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں پیکا ایکٹ، باقاعدگی سے شائع نہ ہونے والے نیوز پیپرز کے خاتمے ، پرنٹ میڈیا کو ادائیگیوں، جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اطلاعات نے کہا پیکا قانون مستند صحافیوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے ، پیکا ایکٹ کا اصل مقصد صحافت کے لبادے میں چھپے نام نہاد اور جعلی صحافیوں کو قانون کے دائرے میں لانا ہے ،انہوں نے کہا مشاورت اور مزید بہتری پر یقین رکھتا ہوں، پیکا قانون پر صحافتی تنظیموں سے مشاورت کیلئے تیار ہیں، رولز کے بارے میں تجاویز کا خیرمقدم ، پیکا قانون کے حوالے سے صحافیوں اور متعلقہ وزارت کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا پرنٹ میڈیا کو امسال واجبات کی مد میں ادائیگیاں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا آزادی صحافت جمہوری نظام کی روح ہے اور حکومت صحافیوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ سہولتوں کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ میڈیا کو درپیش چیلنجز کا ادارہ جاتی حل نکالا جائے ۔ سی پی این ای کے وفد نے وزارت اطلاعات و نشریات اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے بروقت اور مصدقہ معلومات کی فراہمی پر ان کے موثر کردار کو سراہا۔سی پی این کے وفد نے صحافیوں کے تحفظ، معلومات تک رسائی اور صحافت کے پیشہ ورانہ ماحول کی بہتری سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے وفد کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے ، میڈیا نمائندوں کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دے کر درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں