بیرسٹر سیف کی نوکری صرف پنجاب پر تنقید کرنا :عظمیٰ بخاری

لاہور(سٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بیرسٹر سیف کی نوکری صرف پنجاب پر تنقید کرنا ہے ، پنجاب حکومت نے جتنا بجٹ صرف صحت اور تعلیم کے لیے مختص کیا ہے۔
اتنا تو خیبرپختونخوا حکومت کا مجموعی بجٹ بھی نہیں بنتا۔ آج خیبرپختونخوا سے ہزاروں مریض پنجاب کے ہسپتالوں میں علاج کروانے آ رہے ہیں، کیونکہ پنجاب کا صحت کا نظام قابلِ اعتماد ہے ۔بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی عوام کو نہیں بتاتے ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بیرسٹر سیف نے ڈیڑھ سال میں ایک مرتبہ بھی قوم کو اپنے جعلی \"سلطان راہی\" وزیراعلیٰ کی کارکردگی سے آگاہ کیا؟،مریم نواز آج عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں۔ پنجاب کا بجٹ صرف کاغذوں تک محدود نہیں، بلکہ میدانِ عمل میں اس کے نتائج نظر آ رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا کا بجٹ عوام کی بجائے آپس میں شرینی کی طرح بانٹنے کی نذر ہو جاتا ہے جبکہ پنجاب کا ہر روپیہ عوام کی فلاح پر خرچ ہو رہا ہے ۔