ہائیکورٹ :ٹولنٹن مارکیٹ سے جانوروں کی منتقلی پر تجاویز طلب
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں انسدادِسموگ کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت ،عدالت نے ٹولنٹن مارکیٹ سے جانوروں کو منتقل کرنے پر تجاویز طلب کرلیں۔
جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق ودیگر کی درخواستوں پر سماعت کی ،عدالت نے مختلف محکموں سے کارکردگی رپورٹس طلب کر رکھی تھیں۔ دوران سماعت عدالت نے عدالتی معاون عزت فاطمہ سے استفسار کیاکہ کیاآپ نے ٹولنٹن مارکیٹ کا دورہ کیا ؟ عزت فاطمہ نے بتایا متعلقہ محکمے کو ہفتہ میں ایک بار اسے ضرور وزٹ کرنا چاہیے جسٹس شاہد کریم نے کہا ہم تو ٹولنٹن مارکیٹ کو کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کا سوچ رہے ہیں۔ صدر ٹولنٹن مارکیٹ ایسوسی ایشن نے کہا میں اس پرکچھ کہنا چاہتا ہوں عدالت نے کہا آپ ممبر جوڈیشل کمیشن سے ملاقات کریں۔ درخواست گزار کے وکیل التمش سعید نے بتایاہم جانوروں کو ٹولنٹن مارکیٹ سے شفٹ کرنا چاہتے ہیں عدالت نے کہا آپ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کچھ بھی پوسٹ نہ کریں،التمش سعید نے کہا یہ صرف ٹولنٹن مارکیٹ کا مسئلہ نہیں، ایسی بہت سی مارکیٹس دوسرے شہروں میں بھی ہیں۔ عدالت نے کہاہم ٹولنٹن مارکیٹ کو ایک مثال بنائیں گے ، دوسری مارکیٹس کو بھی ایسا ہی بنائیں گے ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ۔