رواں سال مون سون کے قبل از وقت شروع ہونیکا امکان

لاہور(سہیل احمد قیصر)رواں سال مون سون کے دوران مجموعی طور پر معمول سے 25 فیصد زیادہ بارشیں برسنے کا امکان ہے ،لاہور، ملتان ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی میں معمول سے 60فیصد زیادہ بارشیں برس سکتی ہیں۔
رواں سال مون سون کے قبل از وقت شروع ہونے کا بھی امکان ہے ۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ رواں سال مون سون گزشتہ سال کی نسبت کہیں زیادہ طاقتور ہوگا۔صورت حال کے پیش نظر مون سون کے دوران اربن فلڈنگ کے خطرات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون جولائی کی بجائے جون کے آخری ہفتے میں شروع ہوسکتا ہے ۔ اِس حوالے سے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ گزشتہ سردیوں کے دوران چونکہ معمول سے 50فیصد برفباری کم ہوئی ہے جس بنا پر گرمی کی شدت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جب بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے تو یہ اضافہ مون سون کی شدت میں بھی اضافے کا باعث بنتا ہے ۔ دوسری طرف انتظامات کے حوالے سے پی ڈی ایم اے پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیانے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ صورت حال پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور تمام اضلاع کے انتظامی حکام کو اپنے انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔