ٹرمپ فیلڈ مارشل ملاقات غیر معمولی اہمیت کی حامل

 ٹرمپ فیلڈ مارشل ملاقات  غیر معمولی اہمیت کی حامل

(تجزیہ:سلمان غنی) بلاشبہ واشنگٹن میں پاکستانی سپہ سالار فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی وائٹ ہاوس میں غیر معمولی پذیرائی اور امریکی صدر ٹرمپ کا ان سے ملاقات کو اعزاز قرار دینے کا عمل پاکستان کا بڑا اعزاز ہے جس کو عالمی حالات اور علاقائی صورتحال میں غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے ۔

لہذا اس امر کا تجزیہ ضروری ہے کہ پاکستانی سپہ سالار کو ملنے والی غیر معمولی اہمیت اور پروٹوکول کیونکر تھا ۔جہاں تک فوجی سربراہ کو ملنے والی اہمیت حیثیت کا تعلق ہے تو اسکی بڑی وجہ تو پاک بھارت کشیدگی کے عمل میں پاکستان کی جیت اور اس میں سپہ سالار کا بڑا کردار ہے اور حقیقت یہی ہے کہ جب عالمی فورسز خصوصاً امریکہ نے جنگ بندی کیلئے کوششیں کیں اور امریکی سیکرٹری آف سینٹ مارکو روبیو نے جنرل عاصم منیر سے رابطہ کیا تو پاکستانی جواب یہی تھا کہ ہم نے جو کیا اپنے دفاع میں کیا ہم تنائواورٹکرائوبڑھانا نہیں چاہتے ۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں اپنے سپہ سالار کیلئے امریکہ میں غیر معمولی پذیرائی پر خوشی کا اظہار ہو رہا ہے ویسے بھی فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر پاکستان کے پہلے سروننگ آرمی چیف ہیں جنہیں واشنگٹن میں اتنے پروٹوکول سے امریکی صدر سے ملاقات ہوئی ۔

دنیا میں خطہ کی صورتحال میں بھارت کے مقابلہ میں ہماری طرف راغب ہو رہی ہے اور خصوصاً امریکہ بارے کہا جا سکتا ہے کہ ایک وقت میں امریکی مہم میں دلچسپی کا مرکزا فغانستان کی صورتحال اور دہشتگردی کے رحجان کا سدباب تھا تو پھر ہمیں امریکہ کے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی مفادات درکار ہیں جہاں تک فوجی سپہ سالار کی صدر ٹرمپ سے ملاقات میں ایران اسرائیل جنگ بارے خیالات کا تعلق ہے تو انکی آئوٹ پٹ یقینا امن کے قیام کیلئے بھی ہو گی اور یہی وجہ ہے کہ صدر ٹرمپ نے ملاقات میں واضح کہا پاکستان ایران کو دیگر لوگوں سے زیادہ بہتر جانتا ہے اور اس بارے آئی ایس پی آر کے بیان میں واضح کہہ دیا گیا کہ آرمی چیف اور امریکی صدر کی ملاقات میں تنازع کے حل پر زور دیا گیا اور صدر ٹرمپ نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہا ۔مذکورہ ایشو پرپاکستان اپنا موقف واضح کر چکا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اس جنگ کے فوری خاتمہ چاہتا ہے اور اس حوالے سے اس نے ایران کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا اور اسکی حمایت سفارتی اور سیاسی عمل تک محدود تھی اور ہے اور حالات واقعات سے بھی ظاہر ہو رہا ہے کہ اسرائیل ایران تنازعہ میں پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔

امریکی صدر نے انہیں اپنے ہاں دعوت دی غیر عمولی پروٹوکول دیا اور اس عمل پر بھارت میں چیخ و پکار جاری ہے اور انکے سینے پر سانپ لوٹ رہا ہے اسکی بڑی وجہ اسکے سوا کچھ نہیں کہ دنیا یہ نہیں جانتی تھی کہ خطہ میں چھوٹے ملک کی حیثیت سے پاکستانی فوج اپنے سے بڑی معیشت اور بڑی فوج کو دن کی روشنی میں تارے دکھا دے گی ۔ ٹرمپ سمیت پوری دنیا میں جہاں پاکستانی فوج کی اہلیت صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف ہو رہا ہے تووہاں اسکے سپہ سالار کو غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے اور خود ٹرمپ اسلئے بھی خوش ہیں کہ اس سپہ سالار نے جنگ بندی میں انکی اپیل کو پذیرائی بخشی ۔ماہرین واشنگٹن کے دہلی کی بجائے اسلام آباد کی طرف جھکائوکو مستقبل کی سیاست خصوصاً خطہ میں امن و استحکام کیلئے اہم سمجھ رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق بھارت کے مقابلہ میں پاکستان چھوٹا ملک ضرور ہے لیکن اسکی موثر حکمت عملی نے پاکستان کا بڑا علاقائی کردار بنادیا دنیا بھر میں بھارت کو ملنے والی تنہائی نریندر مودی کے اقتدار کے خاتمے کا سبب بن سکتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں