کینال روڈ پر یلوٹرین منصوبہ،درخت نہیں کاٹنے دینگے،لاہور ہائیکورٹ
لاہور( کورٹ رپورٹر ) لاہور ہائیکورٹ نے کینال روڈ پر یلوٹرین کے ممکنہ پراجیکٹ کے لیے حکومت کو درختوں کی کٹائی سے روک دیا ، جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس د یئے کہ عدالت کینال روڑ پر موجود درختوں کی کٹائی کی اجازت نہیں دے گی۔
عدالت نے محکمہ ماحولیات کی کاکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہ ہر جگہ سڑکوں پر گاڑیاں دھواں چھوڑ رہی ہیں پتہ نہیں ماحولیات کی فورس کہاں تعینات ہے ؟ عدالت ماحولیات کی ٹیموں کی تعیناتی سے متعلق بھی رپورٹ طلب کر لی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت دیگر کی سموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ وکیل واسا نے پانی کے میٹر کو بطور سیمپل عدالت کے روبرو پیش کر دیا گیا، وکیل واسا نے کہا کہ لاہور میں پانی کے میٹر جلد لگیں گے ۔ پانی کے میٹرز پہلے مرحلے میں کمرشل جگہوں پر لگیں گے ۔ ممبر جوڈیشل کمیشن نے دلائل دیے کہ حکومت کینال پر یلو ٹرین کا پروجیکٹ لا رہی ہے ، اس پروجیکٹ سے کینال روڑ سے درخت کاٹے جانے کا امکان ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم کینال روڑ پر درخت کاٹنے کی اجازت بالکل نہیں دینگے ۔ لاہور میں صرف درختوں کی خوبصورتی کینال پر ہی ہے ۔ممبر جوڈیشل کمیشن نے آگاہ کیا کہ ٹریفک وارڈنز کے ہیلتھ الاؤنس کی سمری حکومت نے مسترد کردی ہے ۔عدالت نے مزید ہدایت جاری کی کہ ڈی جی ماحولیات فوری چیرمین چیمبر آف کامرس سے ملاقات کرکے انڈسٹریز سے متعلق رولز سے آگاہ کرے ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ جمعہ تک ملتوی کردی۔