پختونخوا کابینہ ، بی آر ٹی کیلئے مزید 50 بسوں کی خریداری کی منظوری

پشاور(نیوز ایجنسیاں )خیبر پختونخوا کابینہ نے نے بی آر ٹی پشاور کے لیے مزید 50 نئی ڈیزل ،ہائبرڈ بسوں کی خریداری کی منظوری دی جس کے بعد کل تعداد 244 ہوگئی ، کابینہ کا 34واں اجلاس وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ہوا ۔
اجلاس میں صوبائی حکومت اور پاک قطر ایسٹ مینجمنٹ کمپنی کے درمیان معاہدے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے چترال کے ارندو گول اور اپر کوہستان فارسٹ ڈویژنز میں غیر قانونی طور پر کاٹی گئی لکڑی کے استعمال سے متعلق طریقہ کار کے نفاذ کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی۔ کابینہ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ رولز 2021 میں ترمیم کی منظوری دی،نئی ترمیم کے تحت بڈنگ کی مدت 60 دنوں سے کم کرکے 30 دن کردی گئی ۔ کابینہ نے ایرا کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں کے بقایاجات کی ادائیگیوں کے لئے نان اے ڈی پی سکیم کی منظوری دی۔ کابینہ نے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جدید طبی آلات کی خریداری کے لئے 346 ملین گرانٹ کی منظوری دی۔ اجلاس میں بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت میں بہتر سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کی نظرثانی شدہ لاگت کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے کینسر کی مریضہ پروین مختار کے علاج کے لئے دس لاکھ روپے امداد کی بھی منظوری دی۔ خیبر پختونخوا این جی اوز رولز 2024 میں ضروری ترمیم کی منظوری بھی دی گئی ۔ اجلاس میں ضلع خیبر اور مہمند کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے لئے دو گاڑیوں کے خریدنے اور گاڑیوں کی خریداری پر عائد پابندی میں نرمی کی منظوری دی ۔