حکومت کا قیمتوں میں توازن کیلئے 5لاکھ ٹن چینی درآمد کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد(نامہ نگار)حکومت نے چینی کی قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کے لیے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،حالیہ پالیسی کے تحت تمام زرعی اجناس کو ڈی ریگولیٹ کیا جا چکا ہے اور ماضی کی طرح چینی کی بر آمد پر کسی بھی قسم کی سبسڈی نہیں دی گئی تھی۔
ڈی ریگولیشن پالیسی کے تحت زرعی اجناس کی درآمد، برآمد اور ان کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ مارکیٹ فورسز کے مطابق ہوتا ہے ۔ گزشتہ روز وزارت قومی غذائی تحفظ وخوراک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گزشتہ سیزن میں چینی وافر ذخائر موجود ہونے کی وجہ سے برآمد کی گئی تھی، موجودہ صورتحال میں تاثر غلط ہے کہ ملک میں عوامی ضروریات کے مطابق چینی کی وافر مقدار موجود نہیں۔ چینی کی درآمد کا فیصلہ قیمتوں میں استحکام اور عوام کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق اضافی، سٹاک کے ہونے سے قیمتوں میں توازن برقرار رہے گا۔تمام زرعی اجناس کی خرید و فروخت کا دارومدار سیزن پر منحصر ہے ، میڈیا میں زرعی اجناس کی خرید وفروخت کو مالی سال سے منسلک کرنا غلط ہے ۔