پی ٹی آئی رہنما اورکارکن توڑپھوڑکے 2کیسز میں بری
اسلام آباد،لاہور(کورٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد احمد نے احتجاج اور توڑ پھوڑ کے دومقدمات میں بیرسٹر گوہر ، عمر ایوب ، علی بخاری اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں اورکارکنوں کو بری کر دیا۔
تھانہ کراچی کمپنی میں درج دونوں مقدمات کی سماعت کے دوران ملزم شعیب شاہین اور علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے جبکہ بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں جنہیں منظور کرلیاگیا، عدالت نے استفسار کیاکہ ملزم عامر مغل اور عامر ڈوگر پیش کیوں نہیں ہو رہے ،جس پر وکیل نے کہاکہ کچھ کیسز میں مراد سعید ملزم تھا لیکن پیش نہ ہونے پر وہ بری ہو چکا ہے ،دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے بریت درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعد ازاں تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمہ نمبر425 اور 498 میں بیرسٹر گوہر، عمر ایوب ، علی بخاری ، شعیب شاہین، عامرڈوگر، ملک رفیق،عامر مغل اور دیگر کو بری کرنے کا حکم سنادیا۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے نو مئی کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کرلی۔ کوٹ لکھپت جیل میں گزشتہ روز سماعت کے دوران جج منظر علی گل کی عدالت نے سنایا۔ شاہ محمود قریشی نے کئی ماہ قبل شادمان آتشزدگی کیس میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عرفان حیدر نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ،انتظار پنجوتہ اور نازیہ اشرف کی قبل از گرفتاری عبوری ضمانت کی توثیق کا تحریری حکم جاری کردیا، عدالت نے ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروا نے کا حکم د یا ۔9 مئی کے 8 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقررکردی گئیں ، جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل بینچ 23 جون کو سماعت کرے گا ۔