تمام وفاقی وزارتیں ،محکمے ملازمین کو اعزازی تنخواہیں دینے کے مجاز

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزارت خزانہ نے وفاق کے ماتحت افسران وملازمین کی اعزازی تنخواہوں کے حوالے سے وفاقی وزارتوں کے لیے پالیسی وضاحت جاری کی ہے۔
وزارت خزانہ کی وضاحت کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظور کردہ پالیسی کے تحت تمام وفاقی وزارتیں،ڈویژن اورمحکمے افسران و ملازمین کو اعزازی تنخواہیں دینے کے مجازہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق ہر وزارت و ڈویژن کا پرنسپل اکائونٹنگ افسر 1تا 22گریڈ کے افسران کو سال میں ایک تنخواہ کے مساوی اعزازی تنخواہ دے سکے گا جبکہ ہر وزارت و ڈویژن کا پرنسپل اکائونٹنگ افسر 35فیصد ملازمین کو غیر معمولی کارکردگی پر ایک بنیادی تنخواہ کے مساوی اعزازی تنخواہ دے سکے گا۔ وزارت خزانہ کے مطابق ہر وفاقی وزارت ، ڈویژن کا پرنسپل اکا ئونٹنگ افسر غیرمعمولی کارکردگی کے حامل افسران و ملازمین میں سے 10 فیصد سرفہرست ملازمین وافسران کو دو بنیادی تنخواہ کے مساوی اعزازی تنخواہیں دے سکے گا ۔ وزارت خزانہ کی پالیسی وضاحت کے مطابق ہر وفاقی وزارت و ڈویژن میں غیر معمولی کارکردگی کاتعین کرنے کے لیے کمیٹی بنائی جائے گی جس میں وزارت خزانہ کی نمائندگی شامل کی جائے گی ۔ مذکورہ کمیٹی کی سفارشات پر ہر وفاقی وزارت وڈویژن افسران و ملازمین کو غیر معمولی کارکردگی پر اعزازی تنخواہیں دے سکیں گے ۔