لاہور میں بارش ، گرمی میں کمی لیسکو کے 120 فیڈر ٹرپ

لاہور میں بارش ، گرمی میں کمی  لیسکو کے 120 فیڈر ٹرپ

پشاور، لاہور(نیوز ایجنسیاں)لاہور میں بادل برس پڑے، درجہ حرارت میں کمی سے حبس کا زور ٹوٹ گیا۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں ہربنس پورہ، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، فیروزپور روڈ، کلمہ چوک، کینال روڈ، مال روڈ۔۔۔

 جیل روڈ، انارکلی، اسلام پورہ، گلشن راوی اور سبزہ زار میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ 24گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہا ۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ، ہوا میں نمی کا تناسب 70فیصد تک پہنچ گیا ،ہوا کی رفتار 13کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی،مزید بارش کا امکان ہے ۔دوسری جانب شہر میں ہونے والی بارش کی وجہ سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا ۔لیسکو کے 120سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔خیبر پختونخوا میں بارش، آسمانی بجلی اور دیواریں گرنے سے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ موصول ہو گئی۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق کے پی میں 20 جون سے بارشوں، تیز آندھی اور فلش فلڈ سے حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے ۔پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 3 مرد، 1 خاتون اور 2 بچے جبکہ زخمیوں میں 3 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں، مجموعی طور پر 7 گھروں کو نقصان پہنچا، 5 جزوی اور 2 مکمل طور پر منہدم ہوئے ۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حادثات مانسہرہ، بونیر، دیر لوئر اور اپر، مالاکنڈ، کوہستان کولائی پالس میں پیش آئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں