پی ٹی آئی کی ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کی مذمت

اسلام آباد (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر مبینہ حملے کی مذمت کی ہے۔
ایکس پر اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ایران پر پہلا براہِ راست حملہ خطے میں خطرناک کشیدگی کا پیش خیمہ بن سکتا ہے ، ہم اس تنازع کے فوری خاتمے اور کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران کو غیر ملکی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے ۔پاکستان میں سیاسی و عوامی حلقوں کی جانب سے بھی اس کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی پر زور دیا جا رہا ہے ۔واضح رہے کہ ایران کے خلاف اسرائیل کی جنگ میں امریکا بھی شامل ہوگیا ہے ۔ادھر مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی نوبل انعام کے لئے نامزدگی غلامی کی آخری حد ہے ۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ شہبازشریف خوشامد چھوڑ کر ‘ایبسولوٹلی ناٹ’ کہنے کی ہمت پیدا کریں، اقتدار کیلئے خوشامد کے بجائے قیدی نمبر 804 بن جانا کہیں بہتر ہے ، شہباز شریف خوشامد ضرور کریں مگر ملکی و قومی مفادات کا بھی خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے نوبل انعام یافتہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر براہِ راست حملہ کیا، صدر ٹرمپ نے 8 مرتبہ غزہ میں جنگ بندی کی قراردادوں کو مسترد کیا ہے ۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ایران اور اسرائیل میں ثالثی کے بجائے معصوم شہریوں پر حملے کئے جا رہے ہیں، جو مسلمانوں پر بم برسائے اسے نوبل انعام کیلئے نامزد کرنا ناقابلِ فہم ہے ، خوشامد کی بھی کوئی حد ہوتی ہے ، شہباز شریف کیلئے یہ باعثِ شرم ہے ۔