ٹرمپ کا عالمی سطح پر جوتھوڑا بہت اعتماد تھا وہ ختم ہو گیا ،تھنک ٹینک

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کا ر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ امریکا کے ایران سے مذاکرات چل رہے تھے ،صدر ٹرمپ نے دوہفتوں کا وقت بھی ایران کو دیا تھا،امریکا نے حملہ کرکے ایران کو دھوکہ دیا۔
دنیا نیوز کے پروگرام تھینک ٹینک میں میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عالمی سطح پر صدر ٹرمپ کا تھوڑا بہت اعتماد تھا حملہ سے یہ اعتماد بھی ختم ہو گیا ،حملہ بھی عالمی قوانین کے خلاف تھا،حملے کی وجہ سے امریکا میں جو صدر ٹرمپ پر تنقید ہورہی ہے اس کا صدر ٹرمپ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ امید یہ تھی کہ صدر ٹرمپ ایران پرحملہ نہیں کرے گا، بات یہ ہے کہ جب انسان کو طاقت مل جاتی ہے تو سرکش بن جاتا ہے ،اس وقت دنیا کے کسی ملک نے صدر ٹرمپ کے اس اقدام کی تعریف نہیں کی۔تجزیہ کا رڈاکٹر رسول بخش نے کہا ہے کہ اسرائیل تو پہلے سے ہی امریکا کی مدد طلب کررہا تھا،مغرب اور امریکا ایران کی وہ حالت بناناچاہتے ہیں جو اس وقت عراق، مصر، شام اور یمن کی ہے ۔ تجزیہ کا ر عثمان شامی نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اور ایلون مسک کے درمیان جھگڑا ہوا تھا ایک نیوز تھی کہ جو کیسز ہیں اس میں صدر ٹرمپ کا نام ہے ،اس میں یہ بات تھی ایلون مسک کے پاس جو ثبوت ہیں ٹرمپ مخالفین یہ کہہ رہے تھے یہ ثبوت نیتن یاہو کے پاس ہیں،اس وجہ سے یہ بات منوائی جارہی ہے ،سابق امریکی صدر کو بھی نیتن یاہونے استعمال کیا تھا۔