مسلمان امریکا کیخلاف ڈٹ جائیں، جماعت اسلامی کے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے

مسلمان امریکا کیخلاف ڈٹ جائیں، جماعت اسلامی کے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے

لاہور(سٹاف رپورٹر، سیاسی نمائندہ )جماعت اسلامی کے زیراہتمام ایران پرامریکی جارحیت کیخلاف سوموار کو ملک بھر میں مظاہرے کئے گئے۔ امریکہ مردہ آباد احتجاجی مظاہرے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر کیے گئے۔

اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں عوام، کارکنوں کی بڑی تعداد احتجاج میں شریک تھی۔ جماعت اسلامی کی مرکزی، صوبائی، ضلعی اور مقامی قیادت نے مظاہرین سے خطاب کیا اور ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کی۔ مقررین نے بپاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کا ساتھ دیں، غزہ میں صہیونی دہشتگردی رکوانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں اور امت کے جذبات کی ترجمانی کریں۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ٹرمپ کی نوبل انعام برائے امن کے لیے نامزدگی کی بھی مذمت کی۔ مقررین نے اتحاد امت کی ضرورت پر زور دیا اور ایران کی بھرپور حمایت کے اعلانات کیے ۔امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری نے لاہور پریس کلب کے سامنے مظاہرے کی قیادت کی۔

اسلام آباد آبپارہ چوک میں مظاہرے پر نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم نے کہا امریکا نے ایران پر بارود برسا کر دنیا کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی، یہ عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے۔ جے آئی یوتھ نے کراچی پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا ۔ امیر ضلع بحراللہ خان نے پشاور میں مظاہرے کی قیادت کی۔ملتان پریس کلب کے سامنے مظاہرے سے ضلعی امیر صہیب عمار صدیقی نے خطاب کیا۔ چنیوٹ بازارفیصل آباد ،شیخوپورہ ،اٹک ،گوجر خان سمیت سندھ کے شہروں میں بھی مظاہروں کا اہتمام کیا گیا ۔ مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل کیخلاف جبکہ ایران کی حمایت میں نعرے لگائے اور مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکا سے خوفزدہ ہونے کی بجائے اس کیخلاف ڈٹ جائیں اور مظلومین کی مدد کریں۔ لاڑکانہ میں جناح باغ چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، سکھر، لاڑکانہ ،ٹھٹھہ ،کندھ کوٹ، فریدآباد، دادومیں بھی مظاہرے ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں