وزیر اعظم نے ‘‘اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ’’ ایپ کی منظوری دیدی

اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے میٹر ریڈرز کا کردار ختم کرنے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق اس مقصد کے لیے نئی ڈیجیٹل ایپ اپنا میٹر، اپنی ریڈنگجلد متعارف کرائی جائے گی جس کے ذریعے صارفین خود اپنی بجلی کی ریڈنگ اپ لوڈ کر سکیں گے، یہ نظام کے الیکٹرک کے دائرہ اختیار کے علاوہ پورے ملک میں نافذ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس میں اس مسئلے پر غور اور میٹر ریڈرز کے کردار کو ختم کرنے اور بلنگ کے عمل کو خودکار بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت دی پاور سمارٹ موبائل ایپ جلد از جلد متعارف کرائی جائے، جس میں قومی زبان اردو کے ساتھ چار علاقائی زبانوں پنجابی، سندھی، پشتو اور بلوچی میں رہنمائی موجود ہو تاکہ عام عوام بھی آسانی سے استعمال کر سکیں۔وزیراعظم نے پاور ڈویژن کو ایک ماہ کی مہلت دی ہے کہ وہ میٹر ریڈرز کے مرحلہ وار خاتمے کا جامع منصوبہ تیار کرے۔