وزارتی کمیشن اجلاس، نائب وزیراعظم یو اے ای پہنچ گئے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار پاکستان، یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن کے 12 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بتایا اجلاس دونوں برادر ممالک کے درمیان سٹریٹجک، اقتصادی اور ترقیاتی تعاون مزید گہرا کرنے کا ایجنڈا آگے بڑھائے گا۔ اسحاق ڈار (آج)24 جون کو ابوظہبی میں مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ پاکستانی وفد میں اقتصادی امور، تجارت، توانائی، میری ٹائم افیئرز اور داخلہ سمیت اہم وزارتوں کے سیکرٹریز اور سینئر حکام شامل ہوں گے ۔ متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان وفد کی قیادت کریں گے۔ دوطرفہ تعاون کے متعدد شعبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور آئی ٹی میں تعاون کیلئے نئی راہیں تلاش کی جائیں گی۔ شعبہ جاتی تعاون ادارہ جاتی بنانے کیلئے اجلاس میں متعدد قانونی دستاویزات کو حتمی شکل دینے کی توقع ہے۔