پاکستان کا عالمی برادری سے افغانستان کیلئے فنڈز کا مطالبہ

پاکستان کا عالمی برادری سے افغانستان کیلئے فنڈز کا مطالبہ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کی خاطر تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

افغانستان کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مستقل پاکستانی مندوب عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں افغان صورتحال کی بحالی کی کوششوں کو سراہتے ہیں،عبوری حکام کے اقتدارکو 4 سال ہو چکے ہیں، افغانستان کی صورتحال بدستور غیر مستحکم ہے اورعوام کی حالت مزید بگڑ چکی ہے ، پابندیوں ، دہشتگردی ، منشیات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے صورتحال کو ابتر کر دیا ہے ۔ کچھ چیلنجز افغانستان کے پرتشدد ماضی کی میراث ہیں، 2025ء کا انسانی ضروریات اور امدادی منصوبہ بری طرح فنڈز کی کمی کا شکار ہے ، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ افغان عوام کے منصوبے کو غیر مشروط طور پر فنڈز دے ۔عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ افغانستان کی معیشت مستحکم کرنے اور مالی اثاثے منجمد کرنے سے متعلق مکینزمز کی حمایت کرتے ہیں، اپنی معاشی مجبوریوں کے باوجود پاکستان عملی روابط پر قائم ہے اور پاکستان افغانستان کا سب سے بڑا برآمدی اور اہم درآمدی ذریعہ بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان سے پیدا ہونے والی دہشتگردی ہمسایہ ممالک خصوصاً پاکستان کیلئے شدید خطرہ بنی ہے ، افغانستان کو کسی بھی ملک کیخلاف دہشت گردی کی پناہ گاہ نہیں بننا چاہیے ، کالعدم ٹی ٹی پی تقریباً 6 ہزار جنگجوؤں کے ساتھ سب سے بڑی دہشتگرد تنظیم ہے ، ٹھوس شواہد ہیں کہ کالعدم ٹی ٹی پی کا دیگر گروہوں کے ساتھ تعاون جاری ہے اور اس تعاون کا مقصد اسٹریٹجک انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں کو سبوتاژ کرنا ہے ، سمجھتے ہیں کہ عبوری حکام کو بین الاقوامی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں