جنوبی وزیرستان :آپریشن میں بھارتی فتنہ الخوارج کے 11دہشتگرد ہلاک،میجراور لانس نائیک شہید
راولپنڈی،اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر، نامہ نگار،دنیا نیوز)سکیورٹی فورسز کے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کے دوران بھارتی فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گرد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے جبکہ پاک فوج کے میجر اور لانس نائیک شہید ہو گئے ۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے سراروغہ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر دہشت گرد تنظیم فتنہ الخوارج کے خلاف موثر آپریشن کیا۔ یہ خوارج بھارتی سرپرستی میں ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث تھے ۔آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوئے ۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ضلع چکوال کے رہائشی پاک فوج کے بہادر افسر 37 سالہ میجر سید معیز عباس شاہ اور بنوں کے لانس نائیک جبران اﷲ عمر 27 سال جام شہادت نوش کر گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر معیز عباس شہیدکی جرات اور قیادت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے متعدد آپریشنز میں خوارج کے خلاف دلیرانہ کردار ادا کیا۔علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری تھا ۔ بیان میں کہا گیا پاکستان کی سکیورٹی فورسز بھارتی پشت پناہی سے جاری دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں کیونکہ ہمارے شہدا کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشتگردوں کے ٹھکانے پر کامیاب آپریشن اور 11 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسروں و اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ۔ وزیر اعظم نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے میجر سید معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کی بلندی درجات اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے ۔ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔انہوں نے کہا دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید میجر معیز عباس اور لانس نائیک جبران اللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا یہ شہدا قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔