جنگ کے تناظر میں محرم حساس،نفرت پھیلانےوالوں کو فوری گرفتار کریں:مریم نواز

جنگ کے تناظر میں محرم حساس،نفرت پھیلانےوالوں کو فوری گرفتار کریں:مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا ،اہم فیصلے کیے گئے ۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ سے فوری ہنگامی پلان طلب کر لیے اور کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا اور خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے انہوں نے بینرز، پوسٹر آویزاں کرنے اورصوبہ بھر میں وال چاکنگ پر پابندی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔ مریم نواز نے محرم میں ڈرون اڑانے پر پابندی کی خلاف ورزری پر فوری گرفتاری کی ہدایت کرتے کہا صوبائی وزرا، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آرپی اوز اور ڈی پی اوز جلوسوں، مجالس کی ذاتی نگرانی کریں اور علما کے پاس جائیں۔ وزیراعلیٰ نے سیف سٹی اتھارٹی کو خراب کیمرے ٹھیک کرانے کی اورسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کو نفرت انگیز مواد کی مانیٹرنگ کا ٹاسک اور رپورٹنگ ، سکیورٹی انتظامات کی فرضی مشقیں شروع کرنے ،جلوسوں اور مجالس کیلئے یکساں طرز پر سبیلیں لگانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے سبیلوں میں روح افزا، لیموں پانی اور ٹھنڈے پانی کی بوتلیں مہیا کرنے ، سبیلوں کی نشاندہی اور مانیٹرنگ کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں جلوسوں اور مجالس میں سکیورٹی کیلئے لوہے کے پائپ نصب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے گرمی اور حبس سے بچاؤکیلئے جلوسوں کے آگے چھڑ کاؤ کا حکم دیا اور عزاداروں کو ہیٹ سٹروکس سے بچانے کئلئے پلاننگ کی ہدایت کی۔ عاشورہ جلوسوں کے ساتھ فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل متعین کرنے اور موثر ٹریفک مینجمنٹ اور بروقت ٹریفک ایڈوائزری جاری کرنے ،بارش پرپانی کے بروقت اخراج یقینی بنانے کے لئے انتظامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔مریم نواز نے خطاب میں کہا محرم کے ایس او پیز محض پیپر پر نہیں عملی طور پر اقدامات نظر آنے چاہئیں۔ بجلی کے لٹکتے تار بہت بڑا رسک ہے ، ایمرجنسی آپریشن کیا جائے ۔

عاشورہ جلوسوں اور مجالس کے دوران بجلی بندنہیں ہونی چاہیے ، سٹریٹ لائٹس بھی بند نہ ہوں۔ مین ہولز میں اب بھی لوگ گر کر مررہے ہیں،نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور دیگر علاقوں میں بھی گٹروں کے ڈھکن لگائیں۔پیچ ورک ہر سال محرم پر کیا جاتا ہے پھر دوبارہ روٹ پر گڑھے کیسے بن جاتے ہیں؟۔ انہوں نے کہا جنگ کے تناظر میں محرم کو حساس تصور کیا جائے ، پاکستان دشمن قوتیں موقع نہیں جانے دیں گی۔ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی سے منفی قوتیں خائف ہیں، ہمیں ہر لمحہ تیار رہنا چاہیے ۔کابینہ ارکان متعلقہ اضلاع میں موثر نگرانی کا فرض انجام دیں۔ عوام کو ہر جگہ حکومتی رٹ نظر آنی چاہیے ۔ تمام اضلاع میں پبلک کمیٹیوں کو فعال اور پوری طرح متحرک کیا جائے ۔ ملک و قوم کو نفرت، تعصب اور تفرقہ بازی سے بچانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ تفرقہ اور نفرت نئی نسل کیلئے زہر ناک ہے ، ہر قیمت پر خاتمہ چاہتے ہیں۔ریاست کے ماں کی طرح ہونے کا احساس پوری طرح ہر سطح پر اجاگر کیا جائے ۔ صوبائی، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سطح پر کنٹرول روم پوری طرح فعال کیے جائیں کسی بھی جگہ خود دورہ کروں گی، محرم کے انتظامات شاندار ہونے چاہئیں۔ عید انتظامات پر ڈپٹی کمشنرز اور لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کو شاباش دیتی ہوں۔ وزیراعلیٰ نے انٹرنیشنل ڈے آف ویمن ان ڈپلومیسی پر خواتین سفارتکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اورکہا سفارتکاری کے میدان میں تاریخ ساز کردار ادا کرنے والی باہمت خواتین قوم کا سرمایہ ہیں۔ بصارت سے محروم پاکستانی خاتون سفارتکار نے اقوام متحدہ میں اپنی بصیرت کا لوہا منوایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں