پاکستان کی آبی منصوبوں پر بھارتی درخواست کی مخالفت

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے دریاؤں پر بننے والے رتلے اور کشن گنگا کے متنازع ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیخلاف ورلڈ بینک کی کارروائی رکوانے کی بھارتی درخواست کی مخالفت کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے ورلڈ بینک ثالث مائیکل لینو کو خط لکھ کر کہا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ معطل کرچکا ہے ، اس لیے رتلے اور کشن گنگا ہائیڈرو پاور پراجیکٹس پر بھارت کیخلاف ورلڈ بینک کی کارروائی روک دی جائے ۔ ورلڈ بینک کے نیوٹرل ایکسپرٹ مائیکل لینو نے اس پر پاکستان کا مؤقف لیا اور پاکستان نے بھارتی درخواست کی مخالفت کردی ۔ پاکستان نے کہا دونوں پراجیکٹس انڈس واٹر ٹریٹی کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور پانی کے کم از کم بہاؤ کی شق پوری نہیں کرتے ۔حکومتی ذرائع کے مطابق بھارت کشن گنگا اوررتلے پن بجلی منصوبوں پرنیوٹرل ایکسپرٹ کی کارروائی رکوانا چاہتا ہے ، بھارت کے ان متنازع منصوبوں پرعالمی بینک نے نیوٹرل ایکسپرٹ مقررکررکھا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ معطلی کا کہہ کر نیوٹرل ایکسپرٹ کی کارروائی روکنے کی کوشش کر رہاہے ، عالمی بینک خود کہہ چکا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ معطل نہیں ہوسکتا۔حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان متعلقہ فورمز پر اپنے دریاؤں کے پانی کا مکمل تحفظ اور دفاع کرے گا، پاکستان کو جہلم اورچناب پربھارتی پن بجلی منصوبوں کے ڈیزائن پراعتراضات ہیں۔