پنجاب کالجز کا نجی و سرکاری اساتذہ کیلئے مفت تربیتی پروگرام
لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان کے سب سے بڑے تعلیمی نیٹ ورک، پنجاب گروپ آف کالجز نے تعلیمی میدان میں ایک اور قابلِ تقلید قدم اٹھاتے ہوئے اساتذہ کی تربیت کا ایک ہمہ گیر پروگرام متعارف کروا دیا ہے۔
جس کا مقصد اساتذہ کوفرسٹ ایئر (انٹرمیڈیٹ )میں نافذالعمل نئے نصاب (قومی نصاب پاکستان)سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔یہ تربیتی پروگرام تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے لیے مفت اور ہر کسی کے لیے کھلا ہوگا۔پنجاب گروپ نے پہلے مرحلے میں اپنی تدریسی فیکلٹی کو اس نئے نصاب کے تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی، اور اب وہ اسی مہارت کو پاکستان بھر کے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ تک منتقل کرنا چاہتا ہے تاکہ تعلیم کے نظام میں یکسانیت، معیار اور بہتری لائی جا سکے ۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی طالبعلم اس تبدیلی سے متاثر نہ ہو، اور ہر استاد مکمل تیاری کے ساتھ نصاب کی تدریس کر سکے ۔تربیتی سیشنز کا آغاز 5 جولائی 2025 سے کیا جا رہا ہے ، جو پنجاب کے 8 بڑے شہروں میں منعقد ہوں گے ۔ ہر سیشن کا وقت دوپہر 12 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیا گیا ہے ، جس میں تجربہ کار ماہرین اساتذہ کو نئے نصاب کی ساخت، تدریسی طریقہ کار، اور عملی اطلاق کے حوالے سے رہنمائی فراہم کریں گے ۔یہ اقدام پنجاب گروپ آف کالجز کی تعلیم کے فروغ کے لیے قومی سطح پر ذمہ داری نبھانے کا عکاس ہے ، جس کا مقصد صرف اپنے اداروں تک محدود نہیں بلکہ پورے تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا ہے ۔