پنجاب اسمبلی :ارکان کا کالا باغ ڈیم فوری تعمیر کرنے کا مطالبہ
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں کالا باغ ڈیم کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اسے فوری تعمیر کرنے کا مطالبہ کر دیا گیا ۔ اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ15منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت شروع ہوا۔
ایوان میں صرف چھ ارکان موجود تھے ،سپیکر کا کہنا تھا کہ جب میں ایوان میں آیاتو صرف اپوزیشن رکن رانا آفتاب موجود تھے ، اگر غلطی اعجاز شفیع کی نہ نکلی تو بلال یامین ایوان میں کھڑے کو کر معافی مانگیں گے ، آج کے بعد ایوان میں اسکی دوبارہ بات نہ ہو،گھڑی کا کوئی ثبوت نہ ملنے پر بلال یامین نے اعجاز شفیع سے معافی مانگ لی ۔اپوزیشن کے رکن رانا شہباز کا کہنا تھا کہ میرے حلقے کے تین افراد کو نوشکی کے قریب دہشتگردوں نے اغوا کر لیا ہے ، صوبائی حکومت کے ذمہ داران سے درخواست کرتا ہوں کہ مغوی افراد کی بازیابی کیلئے اقدامات کریں۔ رانا آفتاب نے کہا کہ آپ نے ایوان میں 37 ریسرچ افسر رکھے ہیں جو فارغ ہیں اس پر غور کریں، اوپر اللہ کا نام ہے یہاں کوئی رکن اٹھ کر کہہ سکتا ہے کہ کوئی ادارہ کرپشن فری ہے ، جواب میں صوبائی وزیر شیر گورچانی کا کہنا تھا کہ میں حلف اٹھا کر کہتا ہوں آپکے دور والی مائنز اینڈ منرلز کی 100 فیصد کرپشن 90 فیصد ختم کر دی ہے ،رانا آفتاب کا کہنا تھا کہ کرپشن ایک فیصد بھی قبول نہیں ، یہاں اس وقت کوئی بھی سرکاری ادارا کرپشن فری نہیں ،وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا پنجاب میں دس کھرب کی کرپشن والی بات جھوٹی ہے ۔وہ آڈٹ پیرا ہماری حکومت کے دور کا نہیں ، یہ نگران دور کی بات ہے ، اپوزیشن رکن سلمان نعیم نے کہا سائوتھ پنجاب بری طرح نظر انداز ہو رہا ہے ،اس وجہ سے ہم جنوبی پنجاب صوبے کا مطالبہ کرتے ہیں،سی ایم کو سمجھنا چاہیے وہ صرف لاہور کی سی ایم نہیں ۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج25 جون صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔