عمران خان کو مائنس کرنے کے چکرمیں پورا دربار بے آبرو ہوگیا:پی ٹی آئی
لاہور(سیاسی نمائندہ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے بیان پر تحریک انصاف نے کہا ہے کہ عمران خان کو مائنس کرنے کی خواہش میں پورا دربار بے آبرو ہو کر رہ گیا۔۔۔
اس چکر میں ملک سے آئین، قانون، انصاف، جمہوریت، اقدار اور انسانیت کا جنازہ نکال دیا گیا، اللہ کے فضل و کرم سے بانی مائنس ہونے کی بجائے ملٹی پلائی ہوئے ہیں اور قوم نے انہیں سر آنکھوں پر بٹھایا ہے ،مایوسی، ہیجان اور شکست سے دوچار کٹھ پتلیاں اپنی شرمندگی چھپانے کیلئے تحریک انصاف میں تفریق اور تقسیم کی سازشیں رچاتے ہیں، عمران خان تحریک انصاف ہی کے نہیں قوم کے قائد ہیں، درباری سازشوں اور ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان کی امید عمران خان ہی رہیں گے ، ماضی کی طرح ہر آزمائش اور مشکل کا پورے اتحاد و یگانگت سے مقابلہ کریں گے اور درباریوں، کنیزوں پر نیند حرام رہے گی، پنجاب کے مینڈیٹ چوروں کے دامن پر صوبے میں 1 کھرب کی مالی بے ضابطگیوں کا شرمناک دھبہ لگ چکا ہے۔